اسرائیلی مجدو سینٹرل میں نظر بند فلسطینی سائنسدان ڈاکٹر عیصام راشد العشکر کی صحت تیزی سے خراب ہو رہی ہے- اسرائیلی جیل انتظامیہ نے اسے رملے جیل ہسپتال میں بھیج دیا ہے- نفحا سوسائٹی برائے اسیران کے وکیل کا کہناہے کہ مجدو جیل کے فلسطینی قیدیوں نے تصدیق کی ہے کہ مذکورہ فلسطینی پروفیسر ہائی بلڈ پریشر کا شکار ہیں اور انہیں باربار ہسپتال منتقل کرنا پڑتاہے- العشکر کی تباہ حال صحت کے باوجود جیل محافظوں نے ان کے ہاتھوں سے ہتھکڑیاں اور پائوں سے زنجیر نہ اتاری اور ہسپتال میں بھی ہتھکڑیاں لگائے رکھیں –
العشکر کی اہلیہ نے تمام متعلقہ اداروں سے اپیل کی ہے کہ فوری طور پر مداخلت کریں اور اس کے شوہر کی زندگی بچانے کے لئے اقدامات کریں – پچاس سالہ العشکر ،فلسطین کے نامور سائنسدان ہیں، ان کا شعبہ فزکس ہے- انہیں کئی انعامات و اعزازات مل چکے ہیں- ناقص دواؤں کی فراہمی کی وجہ سے ان کی صحت مزید خراب ہوچکی ہے-
