اسلامی تحریک مزاحمت (حماس ) نے کہاہے کہ اناپولیس کانفرنس کی وجہ سے غزہ کی پٹی اور مغربی کنارے میں اسرائیل اور فلسطینی اتھارٹی نے فلسطینیوں کے خلاف کھلم کھلا جنگ کا آغاز کردیا ہے – مرکزاطلاعات فلسطین کو موصولہ بیان میں حماس نے کہاہے کہ اسرائیلی فوجی دستوں نے غزہ کی پٹی میں اور ان کی آلہ کار فلسطینی اتھارٹی نے مغربی کنارے میں فلسطینی مجاہدین کے خلاف محاذ جنگ کھول لیا ہے – انہوں نے چھ مجاہدین کی شہادت کے بارے میں کہا کہ مجاہدین کے خلاف کاروائی کے نئے دور کا آغاز انا پولیس کانفرنس کے بعد کردیا گیا ہے –
انہوں نے کہاکہ اسرائیل اور فلسطینی اتھارٹی کی سازشوں کے باوجود حماس کو کبھی بھی شکست نہ دی جاسکے گی اور نہ ہی اس کو اطاعت پر مجبور کیاجاسکے گا- انہوں نے کہاکہ جو ہمیں شکست دینا چاہتے ہیں وہ جان لیں کہ ہمیں شکست دینا سان نہیں ہے – انہوں نے کہاکہ اسرائیل کی فوجی کاروائی پر آنکھیں بند نہ رکھی جائیں گی نیز حماس کے عسکری بازو قسام بریگیڈ کے سامنے تمام راستے کھلے ہوئے ہیں تاکہ اسرائیلی —فلسطینی اتھارٹی حملوں کے خلاف کسی قسم کا ردعمل ظاہر کیا جائے – اسرائیلی فوجی قیادت بارہا ،غزہ کی پٹی کے خلاف بھرپور کاروائی کی دھمکی دے چکی ہے اور مجاہدین نے بھی بھرپور جواب دینے کی تیاری کر رکھی ہے –
