انسانی حقوق کی ایک اسرائیلی تنظیم کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوجیوں کی ایک بہت بڑی تعداد کے بارے میں امکان ہے کہ انہوں نے فلسطینیوں کے خلاف بے انتہا مظالم کئے ہیں لیکن ان کے خلاف کسی قسم کی قانونی کاروائی نہیں ہوئی –
’’یش دن ‘‘کا کہناہے کہ چند معاملات کی تفتیش اور چند افراد کو سزا دیئے جانے سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ اسرائیلی فوج فلسطینیوں کی جانوں کی حفاظت کرنے میں ناکام رہی ہے – رپورٹ میں کہاگیاہے کہ فوجی یہ محسوس کرتے ہیں کہ ان کی تفتیش بھی نہ ہوگی اور انہیں سزا بھی نہ ملے گی ، یہی وجہ ہے کہ وہ فلسطینیوں کے خلاف بے خوفی سے جرائم کا ارتکاب کرتے ہیں-
اسرائیلی وزارت خارجہ کے ایک ترجمان مارک ریگیف کا کہناہے کہ کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں ہے – انہوں نے کہاکہ شکایت آئی تو ضرور کاروائی ہوگی – یش دن تنظیم کی رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ اسرائیلی فوجی جو جرائم کرتے ہیں ان میں اس انداز میں گولی چلانا کہ شہری ہلاک ہوجائیں ، تشدد ،جسمانی ایذا رسانی ، املاک کی تباہی ، لوٹ مار اور رشوت وصول کرنا ان جرائم میں شامل ہیں-
سال 2006ء اور سال 2007ء کے درمیان ہتھیار نہ اٹھانے والے فلسطینیوں کی ہلاکت اور زخمی ہونے کے 239واقعات ہوئے اور صرف 16معاملات میں قانونی کارروائی ہوئی – ’’یش دن ‘‘کے قانونی مشیر مائیکل سفارڈ کا کہناہے کہ قلیل تحقیقات اور انتہائی کم لوگوں کو سزا ملنے سے ثابت ہوتا ہے کہ اسرائیلی دفاعی افواج ، جن کی ذمہ داری ہے کہ فلسطینیوں کی حفاظت کریں ، وہ عملی طور پر اپنے فرائض سے متصادم کام کررہے ہیں- حفاظت کی بجائے وہ بے انتہا تشدد کا ارتکاب کررہے ہیں-
اسرائیلی فوج نے حال ہی میں ایک سروے کرایا ہے اس سروے کے مطابق مغربی کنارے کی چیک پوسٹوں پر ہر چار میں سے ایک فوجی نے بذات خود فلسطینیوں پر تشدد کیا یا ظلم وزیادتی کو اپنی آنکھوں کے سامنے ہوتے ہوئے دیکھا – فوجیوں نے یہ بھی تسلیم کیا ہے کہ انہوں نے فلسطینیوں کو بغیر کسی وجہ کے مارا پیٹا، زخمی کیا یا ہراساں کیا اور رشوت بھی وصول کی –
بین الاقوامی قانون کے مطابق اسرائیل ایک قابض ملک ہے جس نے مغربی کنارے اور غزہ کی پٹی پرقبضہ کررکھا ہے اور اس کی ذمہ داری ہے کہ شہری آبادی کے تحفظ کو یقینی بنائے- اسرائیل نے اس علاقے پر 1967ء میں قبضہ کیاتھا ، یہاں فلسطینیوں کی تعداد اب چالیس لاکھ ہے – 2005ء میں اسرائیلی دستے غزہ سے نکل گئے تھے تاہم اس کی فضائوں اور سرحدوں پر ابھی تک اسرائیل کا کنٹرول ہے – اسرائیلی مظالم کو روکنے والا کوئی نہیں
اسرائیلی مظالم کو روکنے والا کوئی نہیں
جمعہ 28-دسمبر-2007
مختصر لنک: