جمعه 02/می/2025

میزائل حملے روکنے میں ناکامی پر اسرائیلی فوج کو کڑی تنقید کا سامنا

منگل 22-جنوری-2008

اسرائیلی ذرائع ابلاغ کی جانب سے فلسطینی مزاحمت کاروں کے میزائل حملے روکنے میں ناکامی پر فوج کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے – اسرائیلی اخبار ’’معاریف‘‘نے حال ہی میں اپنے اداریے میں فوج کی ناکامی پر کڑی تنقید کے ساتھ اس کی بے بسی پر بھی تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ اسرائیلی افوج غزہ کے مسلسل حملوں کے باوجود مزاحمت کاروں کے میزائل حملوں کی روک تھام میں ناکام ہوچکی ہے – اسرائیل غزہ پر حملے کررہاہے جبکہ مجاہدین کی جانب سے اتنا ہی سخت جواب دیا جا رہاہے – اس سے اندازہ ہوتاہے کہ مزاحمت کار اسرائیلی فوج سے مقابلہ کرنے کی پوری تیاری کے ساتھ اور میزائلوں کی بڑی تعداد سے مسلح ہیں – جبکہ فوج مٹھی بھر مجاہدین کے ہاتھوں بے بس ہوچکی ہے –
فوج میں سب سے زیادہ تنقید کا سامنا موجودہ آرمی چیف گابی اشکنازی کو ہے – مجاہدین کے ہاتھوں خصوصاً میزائل اور راکٹوں کے استعمال کا تو ڑنہ کرپانے پر اسرائیل کے مختلف حلقوں کی جانب سے گابی اشکنازی سے مستعفی ہونے کے مطالبات بھی کئے جار ہے ہیں – دوسری جانب حماس کے ملٹری ونگ القسام بریگیڈ کی جانب سے جاری کئے گئے بیانات کو بھی اسرائیل میں نہایت سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے – تل ابیب سے شائع ہونے والے کثیر الاشاعتی عبرانی روزنامہ ’’یدیعوت احرونوت ‘‘کی رپورٹ کے مطابق القسام بریگیڈکی موجودہ بڑھتی ہوئی قوت اسرائیلی عوام کے لئے سب سے بڑا خطرہ بن کر سامنے آ رہی ہے – اسرائیلی فوج کی جانب سے مزاحمت کاروں کے میزائلوں کے خاتمے کے دعوؤں میں ناکامی کے بعد عوام خود کو پہلے سے زیادہ غیر محفوظ سمجھ رہے ہیں- رپورٹ کے مطابق اگر حالات بدستور قائم رہے تو مجاہدین اسرائیلی فوج کو بھاری شکست سے دوچار کرسکتے ہیں- اب تک کی مزاحمت کاروں کی کارکردگی سے ظاہر ہوتاہے کہ مجاہدین کے حوصلے نہایت بلند ہیں اور وہ اسرائیلی فوجی کاروائی کا پوری قوت اور دلیری سے مقابلہ کررہے ہیں- اسرائیلی اخبارات کے مطابق سب سے زیادہ خطرہ اسرائیل کے ان علاقوں کو ہے جنہیں اسرائیل نے 1948ء میں قبضے میں لیاتھا اور ان کے اور غزہ کی پٹی کے درمیان ان کا فاصلہ کم ہے –
اب تک عسقلان اور سدیروٹ مجاہدین کے میزائلوں سے سب زیادہ متاثرہ علاقے تصور کئے جاتے ہیں- اسرائیلی اخبار ’’معاریف‘‘ کے انٹرنیٹ ایڈیشن میں شائع رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج سدیروٹ اور عسقلان شہر کو مجاہدین کے میزائلوں سے اب تک محفوظ رکھنے میں ناکام رہی ہے – اسرائیلی فوج کی مجاہدین کے خلاف ہنگامہ خیز کاروائیوں کے دعوؤں قلعی کھل گئی ہے – یہ پہلی مرتبہ ایسا ہوا ہے کہ اسرائیلی فوج کو مجاہدین کی طرف سے بدترین ناکامی کا سامناہے – ماضی میں اسرائیلی فوج کو اس قدر مشکلات کا سامنا نہیں کرناپڑا-
دوسری جانب اسرائیلی فوج کے ایک اعلی عہدیدار نے کہاہے کہ حماس کے پاس موجود میزائلوں اور بھاری اسلحے کی وجہ سے خطے میں طاقت کا توازن بگڑ سکتاہے – ایک اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے فوجی عہدیدار نے بھی القسام میزائلوں کے مقابلے میں فوج کی کمزوری کا اعتراف کیا اور خدشہ ظاہر کیا کہ مجاہدین کی بڑھتی ہوئی کارروائیاں اسرائیلی فوج کی شکست کا باعث بن سکتی ہیں-

مختصر لنک:

کاپی