ہائی پروفائل کیس میں شواہد کی کمی کے باوجود اسرائیلی عدالت نے غزہ کے ایک امدادی کارکن کو حماس کے لیے مالی امداد کے الزام میں مجرمانہ فیصلہ سنا دیا ہے۔
برطانوی اخبار ’’دی گارجین‘‘ کی رپورٹ کے مطابق ورلڈ ویژن نامی امریکی خیراتی ادارے نے اسرائیلی عدالت کے فیصلے کو یکسر مسترد کردیا ہے۔
واضح رہے کہ مذکورہ این جی او کے غزہ دفتر کے سابق سربراہ محمد الحلبی کو 2016 میں داخلی سلامتی کے لئے اسرائیل کی شن بیت سکیورٹی سروس کی جانب سے غزہ کے اندر حماس کو دسیوں ملین ڈالر منتقل کرنے کا الزام تھا۔
دوسری جانب محمد الحلبی اور ورلڈ ویژن نے کسی بھی غلط کام کی تردید کی ہے۔ 160 سے زیادہ عدالتی سیشنز اور 6 سال بعد جنوبی اسرائیل کے شہر بئر سبع کی ضلعی عدالت نے محمد الحلبی کو دہشت گردی کے الزامات میں سے ایک کے علاوہ باقی سب پر مجرم قرار دیا ہے۔
ان الزامات میں دہشت گرد تنظیم کی رکنیت، دہشت گردی کی سرگرمیوں کی مالی معاونت، دشمن کو معلومات منتقل شامل ہیں۔ محمد الجلبی کی گرفتاری کے بعد آزاد آڈیٹرز اور آسٹریلوی حکومت کو غلط کام یا فنڈز کی منتقلی کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔