پنج شنبه 01/می/2025

اناپولیس کانفرنس کے بعد فلسطینی عوام کے خلاف کاروائی میں غیر معمولی اضافہ

اتوار 6-اپریل-2008

فلسطین قانون ساز کونسل کے رکن اور فلسطین قومی تحریک کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر مصطفی محمد البرغوثی نے فلسطینی اتھارٹی کی لیڈر شپ سے مطالبہ کیا ہے کہ قابض اسرائیل سے مذاکرات کا سلسلہ فوری طور پر بند کردیں- انہوں نے کہاکہ اسرائیلی خلاف ورزیوں اور مسلسل حملوں میں اناپولیس کانفرنس کے بعد غیر معمولی اضافہ ہوچکاہے –
ڈاکٹر برغوثی نے فلسطینی اتھارٹی کو خبر دار کیا کہ عارضی سرحدوں کے اندر ریاست ، دیگر عبوری تجاویز ، نیز حتمی ریاست کے قیام کو صرف اصولوں کا اعلان قرار دینا ، فلسطینیوں کی قومی حکومت کو دریا برد کرے گا اور اسرائیل کو موقعہ مل جائے گا کہ علاقے کو یہودی علاقے میں تبدیل کرے اور آبادی میں نئی تعمیرات کی سرگرمیوں کو جاری و ساری رکھ سکے –
انہوں نے مزید کہاکہ اناپولیس کانفرنس سے اب تک فلسطینیوں پر حملوں میں تین سو گنا اضافہ ہوچکاہے – انہوں نے مزید بتایا کہ مغربی کنارے میں اسرائیلی حملوں میں چھیالیس فیصد اضافہ ہوگیا ہے جس سے ثابت ہواہے کہ ان حملوں کاغزہ کی پٹی سے پھینکے جانے والے میزائلوں سے کوئی تعلق نہیں ہے- انہوں نے مزید کہاکہ فلسطینی اتھارٹی کے ساتھ اسرائیل نے خیر سگالی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 788فلسطینیوں کو رہا کردیا اور اس کے بعد سے اب تک 2175 فلسطینیوں کو گرفتار کرلیا ہے اور یہ تعداد رہائی پانے والوں سے تین گنا زیادہ ہے- اسرائیلی آبادکاری کی سرگرمیوں کے حوالے سے مصطفی محمدالبرغوثی نے کہاکہ نئی یہودی بستیوں کی تعمیر جس شرح سے جاری تھی، اناپولیس کانفرنس کے بعد اس میں گیارہ گنا اضافہ ہوا ہے- مقبوضہ بیت المقدس اور مغربی کنارے میں 9432 نئے رہائشی یونٹ تعمیر کردیئے گئے ہیں، جبکہ پچھلے ہفتے میں بھی انیس سو نئے رہائشی یونٹ تعمیر کرنے کا سلسلہ شروع کردیاگیا-
البرغوثی نے مزید کہا کہ مغربی کنارے میں اسرائیلی چیک پوسٹیں 521 سے بڑھ کر 580 ہوچکی ہیں اور یہ اضافہ انا پولیس کانفرنس کے بعد ہواہے- انہوں نے مزید کہاکہ ’’نسلی دیوار‘‘ کی تعمیر کا سلسلہ بھی جاری ہے – امریکی وزیرخارجہ کے دورے کے موقعہ پر پچاس رکاوٹوں کے خاتمے کے حوالے سے انہوں نے کہاکہ وادی اردن سے صرف ایک رکاوٹ دور کی گئی اور چند مقامات سے ریت کی بوریاں، پریس کے سامنے ہٹائی گئیں اور یہ ریت کی بوریاں رکھی ہی اسی لئے گئی تھیں تاکہ دنیا کے سامنے اسے ہٹانے کی تصاویر بنائی جاسکیں-

مختصر لنک:

کاپی