لبنان میں حکومت اور حزب اللہ کے حامیوں کے درمیان تازہ جھڑپوں اور فائرنگ کے واقعات میں 8 افراد ہلاک اور متعددزخمی ہوگئے، جس کے بعد بدھ سے اب تک ہلاک ہونے والوں کی تعداد پچیس ہوگئی ہے۔
سیکیورٹی حکام کے مطابق ہلبا میں حکومت اور حزب اللہ کے حامیوں کے درمیان تازہ جھڑپیں ہوئیں ۔جس میں چھ افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔ ادھر دارالحکومت میں ایک جنازے پر مسلح افراد نے فائرنگ کی، جس میں دو افراد ہلاک اور دو زخمی ہوگئے۔
دوسری طرف لبنان کی صورتحال پر اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں فریقین اپنے سیاسی اختلافات کو پر امن طریقے سے حل کرنے کی کوشش کریں۔
امریکا نے بھی جھڑپوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ایران اور شام سے کہا ہے کہ وہ حزب اللہ کی مدد بند کردیں۔ حزب اللہ اور حکومت کے حامیوں کے درمیان جاری جھڑپوں میں معمول زندگی بری طرح متاثر ہورہی ہے جس میں اب تک پچیس افراد ہلاک اورمتعدد زخمی ہوچکے ہیں۔