جمعه 15/نوامبر/2024

کیا امت مسلمہ مسجد اقصیٰ کے دفاع کے لیے متحرک ہو گی؟

بدھ 28-اگست-2024

قبلہ اول مسجد اقصیٰ کی آتشزدگی کے 55 سال گزرنے کے موقع پر انتہا پسند اسرائیلی وزیر اتمار بن گویر نے مسجد میں ایک یہودی عبادت گاہ کے قیام کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس طریقے سے مسلمانوں اور یہودیوں کے حقوق میں مصالحت کی ضرورت ہے۔

بن گویر کے بیان کی سنجیدگی اس حقیقت سے عیاں ہے کہ وقتی منظرنامہ فلسطین کی سرزمین پر خونی تنازعات سے بھرا ہوا ہے، جو مسئلہ فلسطین کی حمایت میں عرب اور اسلامی کردار کی مکمل عدم موجودگی کی باعث لگاتار گیارہ ماہ سے جاری ہے، جس سے یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ ان ممالک کی حکومتیں اور ان کے اشرافیہ اس کے جواب میں کیا ردعمل ظاہر کر سکتے ہیں؟

الازہر شریف کا اسلامی ممالک سے بیداری کا مطالبہ

الازہر الشریف نے "انتہا پسند صہیونی” سیاست دان کے جاری کردہ بیانات کو "انتہا پسند اور اشتعال انگیز” قرار دیتے ہوئے اس کی سخت مذمت کی۔

الازہر نے اس بات پر زور دیا کہ یہ اشتعال انگیز بیانات صرف ایک انتہا پسند ذہنیت کی طرف سے جاری کیے جاتے ہیں جو دوسرے مذاہب، اور اس کے پیروکاروں کے تقدس اور بین الاقوامی قوانین اور کنونشنز کا احترام نہیں کرتی ہے، اور صرف جنگل کے قانون، سفاکیت اور جرائم کو جانتی ہے۔

الازہر نے دنیا کو یاد دلایا کہ "مسجد اقصیٰ اپنی تمام حیثیت میں خالصتاً اسلامی مقام ہے اور رہے گآ۔  اور یہ مسلمانوں کا تاریخی حق ہے۔  یہ اصل میں اسلامی ہے کیونکہ مسلمانوں کے دو قبلوں میں سے پہلا ہے اور حرمین شریفین کے بعد تیسرا حرم ہے۔ مسجد اقصیٰ اور بیت المقدس شہر کی تاریخی یادگاروں کو یہودی بنانے کے صیہونیوں کے مجرمانہ منصوبوں کے باوجود یہ ایسا ہی رہے گا۔”

الازہر نے عالم اسلام کی حکومتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس صہیونی شخصیت اور دیگر انتہا پسند شخصیات کے ان غیر ذمہ دارانہ بیانات کے خلاف سنجیدہ اور سخت موقف اختیار کریں، جو مسجد اقصیٰ پر دھاوا بولتے اور بے گناہ فلسطینیوں کے خلاف تشدد اور دہشت گردی کو ہوا دیتے ہیں۔

حماس نے متحرک ہونے کا مطالبہ کیا ہے

اسلامی تحریک مزاحمت [حماس] کے مطابق "مسجد اقصی کو یہودی مقام بنانا اور اسے کنٹرول کرنا” یہ بنیامین نیتن یاہو کی انتہا پسند حکومت کا ہدف ہے، جس کا کہنا ہے کہ دہشت گرد وزیر بن گویر نے یہودیوں کی عبادت گاہ بنانے کے اپنے ارادے کے بارے میں انکشاف کیا ہے۔”

 مسجد اقصیٰ کے اندر یہ ایک خطرناک اعلان مسجد اقصیٰ اور اس کے عرب اور اسلامی تشخص کے تئیں قابض حکومت کے ارادوں کی نوعیت اور اس کے مجرمانہ اقدامات کی عکاسی کرتا ہے جو اسے یہودی بنانے اور اس پر کنٹرول سخت کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔”

تحریک نے ایک اخباری بیان میں زور دیا کہ "فاشسٹ قابض حکومت غزہ کی پٹی میں بے مثال جرائم کا ارتکاب کر رہی ہے، مغربی کنارے میں وسیع پیمانے پر خلاف ورزیاں کر رہی ہے، اور اپنے انتہا پسند وزراء کو بیت المقدس میں اپنے مذموم منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے کے لیے آزادانہ چھوٹ دے رہی ہے تاکہ وہ مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی کریں، اس پر دھاوا بولیں اور وہاں روزانہ کی بنیاد پر اشتعال انگیز دورے کریں۔ یہ ایک ایسی پالیسی ہے جو جلتی آگ کو مزید ایندھن دیتی ہے، اور مقدس مقامات کی حفاظت کے لیے ہمارے لوگوں کی طرف سے صرف مزاحمت کا راستہ بچتا ہے۔”

تحریک نے مغربی کنارے اور اندرونی مقبوضہ علاقوں میں فلسطینی عوام سے مطالبہ کیا کہ وہ متحرک ہو جائیں اور مقدس حرم میں قابض حکام کا مقابلہ کریں۔ اس نے مقبوضہ مغربی کنارے میں بھی مزاحمت کو تیز کرنے کا مطالبہ کیا۔

تحریک نے مزید کہا کہ ہمارا عرب اور امت اسلامیہ بشمول حکومتوں، عوام اور تنظیموں، اسلامی تعاون تنظیم کی قیادت سے مطالبہ ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریاں ادا کریں اور قبلہ اول اور حرمین شریفین کے بعد تیسرے حرم پر قبضے کے منصوبوں اور اس کے غاصبانہ حملوں کے خلاف سخت موقف اختیار کریں۔ ہمارے فلسطینی عوام کے خلاف وحشیانہ جارحیت، اور اسلامی اور عیسائی مقدسات، خاص طور پر مبارک مسجد اقصیٰ کے تحفظ کے لیے ہر طرح سے کام کریں۔

شیخ صبری نے اسے بے بنیاد دعوی قرار دیا

مسجد اقصیٰ کے امام اور مبلغ شیخ عکرمہ صبری نے کہا کہ "مسجد اقصیٰ پر یہودیوں کے حق کا بن غفیر کا یہ دعوی بے بنیاد ہے، اور کہا کہ وہ (بین گویر) اپنے سابقہ دعووں کو ثابت کرنے اور منصوبوں میں ناکام رہے ہیں ۔”

الجزیرہ کو دیے گئے ایک بیان میں شیخ صبری نے حکومت کو ذمہ دار ٹھہرایا جس سے بن گویر کا تعلق ہے۔ انھوں نے الاقصیٰ کی اسلامی نوعیت پر زور دیا اور اس کے قریب جانے یا ایسی کسی کاروائی کے خلاف خبردار کیا۔

حقائق کا جائزہ لینا

فلسطین کے امور کے محقق فخری ابو ذیاب کا خیال ہے کہ بن گویر کے بیانات مسجد اقصیٰ پر یہودیانہ حقائق مسلط کرنے کے لیے سامنے آئے ہیں، جو ایک بڑے دھماکے کا باعث بن سکتے ہیں۔

انہوں نے بیت المقدس چینل پر بیانات میں مزید کہا کہ بن گویر، ہیکل تنظیموں کی حمایت سے یروشلم اور فلسطینی سڑکوں اور قوم کے وسیع حلقے میں ردعمل کا اندازہ کر رہا ہے۔

ابو ذیاب کا خیال ہے کہ بن گویر آنے والے دور میں وہ حاصل کرنے کی کوشش کرے گا جو وہ چاہتا ہے۔ کیونکہ وہ دیکھ رہا ہے کہ وہ اگلی اسرائیلی حکومت کا حصہ نہیں ہے اور اس کے پاس اسے حاصل کرنے کا کوئی اور راستہ نہیں ہے۔

انہوں نے فلسطینی عوام سے اپیل کی کہ وہ مسجد اقصیٰ پہنچیں اور اس کے تحفظ کے لیے وہاں قیام کریں۔

ایک بے شرم چیلنج

فلسطین نیشنل انیشی ایٹو کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر مصطفی برغوثی نے کہا کہ مسجد اقصیٰ کے حوالے سے انتہا پسند اسرائیلی وزیر اتمار بن گویر کے بیانات تمام اقدار اور تمام عرب اور اسلامی ممالک کے لیے ایک بے شرمانہ چیلنج ہیں۔

انہوں نے سند ایجنسی کو دیے گئے بیانات میں کہا کہ نیتن یاہو کی ان بیانات کے بارے میں خاموشی اور بین گویر کو برطرف کرنے میں ناکامی اس بات کی تصدیق کرتی ہے کہ یہودیت کے ارادے اور کارروائیاں جس کا نشانہ مسجد اقصیٰ اور بیت المقدس ہے اسرائیلی حکومت کی سرکاری پالیسی ہے۔

اشتعال انگیزی اور دہشت گردی

محکمہ اوقاف، اسلامی امور اور مقدس مقامات، سپریم اسلامک اتھارٹی، فلسطینی فتویٰ ہاؤس، نظام عدل، اور یروشلم کے محکمہ اوقاف اور مسجد اقصیٰ کے امور کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں اسلامی حکام نے اس بیان کی مذمت کرتے ہوئے انہیں  "قابض ریاست کے قومی سلامتی کے وزیر، اتمار بن گویر کی طرف سے مسجد اقصیٰ کے خلاف جاری بدمعاشانہ کارروائیوں اور تہلکہ خیز بیانات قرار دیا۔

اسلامی اداروں کے بیان میں اس اعلان کو اشتعال انگیزی اور دہشت گردی کی کاروائی قرار دیا گیا ہے۔

تمام ادارے اس بات پہ متفق تھے کہ یہ اسلام کے تین مقدس ترین مقامات میں سے ایک بابرکت مسجد اقصیٰ پر قبضہ کرنے اور اسے یہودی بنانے کے لیے سیاسی اور مذہبی طور پر انتہا پسند یہودی تحریک کے منصوبے کے تناظر میں بے مثال ہے۔

القدس الشریف میں اسلامی تنظیموں نے عالمی برادری بالخصوص بااثر امت مسلمہ کو مسجد اقصیٰ کے خلاف رونما ہونے والی حالیہ خلاف ورزیوں کا ذمہ دار ٹھہرایا اور کہا کہ اسلامی دنیا کے ممالک اپنے مذہبی فریضے کی انجام دہی میں غفلت کا شکار ہیں۔

القدس الشریف میں اسلامی اداروں اور حکام نے دنیا کے ہر مسلمان، ہر عیسائی اور ہر باعزت آزاد شخص سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مسجد اقصیٰ کی حفاظت کے لیے اپنی اپنی حیثیت اور استطاعت کے مطابق اپنا فرض ادا کریں۔ یہ اپنے تمام تر رقبے کے ساتھ صرف مسلمانوں کے لیے ایک خالص مسجد ہے، جیسا کہ یہ قدیم زمانے سے ہے۔ ان شاء اللہ، یہ اسلامی مسجد باقی رہے گی اور تقسیم یا شراکت کو قبول نہیں کیا جائے گا۔

 

مختصر لنک:

کاپی