اسرائیل اور شام کے درمیان ترکی کی ثالثی میں استنبول میں بالواسطہ مذاکرات کا چوتھا دور ختم ہوگیا ہے جس میں بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا-
ترکی کے سفارت کار نے کہا ہے کہ دونوں فریق اگست میں مذاکرات جاری رکھیں گے جو کہ ترکی کی وزارت خارجہ کی وساطت سے ہوں گے- اسرائیل اور شام کے درمیان آٹھ سال بعد 2 مئی کو ترکی کی ثالثی میں بالواسطہ مذاکرات شروع ہوئے تھے-
شام کے صدر بشار الاسد نے واضح کیا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان براہ راست مذاکرات نئے امریکی صدر کے اپنی ذمہ داریاں سنبھالنے سے قبل نہیں ہوسکتے- براہ راست مذاکرات آئندہ سال ہی ہوں گے- بشار الاسد نے اپنے دورہ فرانس میں کیا تھا کہ امریکہ کے موجودہ صدر مشرق وسطی میں قیام امن کے لیے سنجیدہ نہیں ہے- لہذا اسرائیل سے براہ راست مذاکرات چھ ماہ کے بعد ہی ممکن ہیں-