شنبه 03/می/2025

روس ہماری حکومت کا خاتمہ اور توانائی روٹس پر کنٹرول چاہتا ہے:جارجین صدر

منگل 12-اگست-2008

روس نے گزشتہ چار روز سے جاری لڑائی روکنے کے لئے جارجیا کی جانب سے جنگ بندی کی پیش کش مسترد کردی ہے جبکہ جارجیا کے صدر میخائل ساکشویلی نے کہا ہے کہ روس ان کی حکومت کو ختم کرنا اور کاکیشیا کے راستے توانائی روٹس کو کنٹرول کرنا چاہتا ہے.

دارالحکومت تبلسی میں پیر کے روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئےانہوں نے کہا کہ روس جنوبی اوسیشیا کے لئے لڑائی نہیں لڑ رہا بلکہ اس کی کارروائی توانائی کے روٹس کوکنٹرول کرنے کے لئے ہے.

میخائل ساکشویلی نے بتایا کہ روس کے ساتھ لڑائی میں جارجیا کے مرنے اور زخمی ہونے والوں میں نوے فی صد شہری ہیں.جارجین صدر نے دعویٰ کیاکہ روسی ٹینکوں کو گوری شہر سے پیچھے دھکیل دیا گیا ہے وہ پہلے گوری سے پانچ کلومیٹر دور تھے اب وہ 20 کلومیٹر دور ہیں.

جارجیا نے آج جنوبی اوسیشیا کے دارالحکومت شنویلی پر بمباری کی اور اس کا کہناہے کہ درجنوں روسی بمبار طیارے اس کے شہروں کو نشانہ بنارہے ہیں.

شنویلی پر روسی فوج کے قبضے کے بعد جارجیا کی بمباری سے روس کے متعدد فوجی ہلاک ہوگئے . انٹرفیکس نیوز ایجنسی نے جنوبی اوسیشیا کی خاتون ترجمان ایرینا گیگلوییفا کے حوالے سے ایک بیان میں کہا ہے کہ جارجین فوجیوں نے کتیوشا راکٹ فائر کئے جس سے 3روسی فوجی ہلاک اور 18 زخمی ہوگئے تاہم آزاد ذرائع سے ان ہلاکتوں کی تصدیق نہیں ہوسکی.

جارجیا کی وزارت داخلہ نے ایک بیان میں کہا کہ قریباً 50 روسی لڑاکا طیاروں نے اتوار اور پیر کی درمیانی شب ملک کے مختلف علاقوں میں بمباری کی .تاہم ان فضائی حملوں سے ہونے والی ہلاکتوں کی تفصیل نہیں بتائی گئی.

دوسری جانب روسی فوج نے جارجیا کے اس دعوے کو مسترد کردیا ہے کہ اس نے جارجیائی علاقوں پر بمباری کے لئے 50 جنگی جہاز استعمال کئے ہیں.

روس کے جنرل سٹاف کے نائب سربراہ کرنل جنرل اناتولی نوگووتسن نے ماسکو میں صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ”جارجین حکومت نے رات کے اندھیرے میں کیسے 50 جنگی جہازوں کی گنتی کر لی اور وہ یہ کیسے کہہ سکتے ہیں کہ روس نے اتنی تعداد میں جہاز استعمال کئے ہیں”.

جارجیا کی حکومت کے ذرائع نے کہا کہ اتوار کو روس کی بمباری سے 130 شہری ہلاک اور 1160 سے زیادہ زخمی ہوئے ہیں. لیکن روس نے شہریوں کو نشانہ بنانے کی تردید کی ہے.

جارجیا سے الگ ہونے والے ایک اور علاقے اخبازیہ میں روسی فوج نے جارجیائی فوجوں کو الٹی میٹم دیا ہے کہ وہ ہتھیار پھینک دیں یا پھر حملے کے لئے تیار ہوجائیں.

انٹرفیکس نیوز ایجنسی نے اخبازیہ میں روس کی امن فوج کے سربراہ سرگئی شبان کے حوالے سے بیان میں کہا ہے کہ الٹی میٹم کا وقت گزرنے کے بعد تمام ضروری فوجی کارروائی کی جائے گی. جارجیا کی وزارت داخلہ کے ترجمان نے روسی فوج کی جانب سے الٹی میٹم کومسترد کردیا ہے اور کہا ہے کہ جارجیائی فوجیں غیر مسلح نہیں ہوں گی.

مختصر لنک:

کاپی