اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) نے مصری وزیر خارجہ کے اس بیان پر کڑی تنقید کی ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ قاھرہ نے رفح راہداری بند نہیں کی بلکہ عباس ملیشیا کے سرحد پر تعیناتی کے لیے قدم اٹھایا تھا-
غزہ میں حماس کے ترجمان فوزی برھوم نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قاھرہ حکام کے غزہ اور مصر کے درمیان سرحد بند کرنے کے اقدامات فلسطین بارے طے شدہ پالیسی کی مخالفت ہے- انہوں نے کہا کہ مصری ترجمان حسام زکی کی جانب سے یہ بیان جاری کرنا کہ غزہ اور مصر کی سرحد پر عباس ملیشیا کی تعیناتی کو یقینی بنایا جارہا ہے، فلسطین میں انتشار کو ہوا دینا ہے-
مصری حکام حماس کے ساتھ مختلف معاہدات کرچکے ہیں جن کے تحت وہ غزہ کی سرحد کو کسی تیسری فوج کے حوالے نہیں کرسکتے ترجمان نے کہا کہ حماس مصر کے ساتھ تمام معاملات میں تعاون کے لیے تیار ہے تاہم متنازعہ بیانات کے ذریعے باہمی اعتماد سازی کی فضاء کو خراب نہ کیا جائے-