اسرائیلی پولیس نے منگل کواسرائیل کے محاصرے کو توڑکرغزہ کی پٹی میں جانے والے ایک اسرائیلی امن کارکن کو گرفتار کر لیا ہے.
پولیس نے امریکی شہریت رکھنے والے جیف ہالپر پراسرائیلیوں کے حماس کے کنٹرل والے علاقے غزہ میں داخلے پرعاید پابندی کی خلاف ورزی کاالزام عاید کیا ہے.اسرائیلی پولیس کے ترجمان میکی روزنفیلڈ نے کہا ہے کہ ”ہالپر سے سدیروت کے پولیس اسٹیشن میں فوج کی جانب سے غزہ میں داخلے کے حکم نامے کی خلاف ورزی پر پوچھ گچھ کی جارہی ہے”.
ہالپر ”فری غزہ” تحریک کے ان چوالیس ارکان میں شامل تھے جو ہفتہ کے روز قبرص سے دوکشتیوں پر سوار ہوکراسرائیل کی جانب سے ناکہ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غزہ کی پٹی پہنچے تھے.سترہ ملکوں سے آئے ہوئے یہ کارکن جمعرات کو واپس قبرص جارہے ہیں اور وہ اپنے ساتھ طلبہ سمیت متعدد فلسطینیوں کو بھی لے جائیں گے جن پراسرائیل نے تعلیم کے لئے بیرون ملک جانے پر پابندی عاید کر رکھی ہے.
اسرائیلی وزارت خارجہ کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ اسرائیل نے کارکنوں کے ساتھ کشتیوں پر جانے والے فلسطینیوں کو روکنے کے بارے میں ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا.اسرائیل نے ایک سال قبل غزہ کی پٹی پرحماس کے کنٹرول کے بعدغیرملکیوں کے غزہ میں سفر پرپابندی عاید کررکھی ہے لیکن یہ کارکن ان پابندیوں کو توڑتے ہوئے علاقے میں پہنچنے والے پہلے غیر ملکی ہیں.