شنبه 03/می/2025

اسرائیل لبنان کودھمکیاں دینا بند کردے،مصرکا انتباہ

جمعرات 28-اگست-2008

مصر نے اسرائیل پر زوردیا ہے کہ وہ لبنان کو دھمکیاں دینے کا سلسلہ بند کردے.یہ بات مصر کے وزیرخارجہ احمد عبدالغیث نے بیروت میں لبنان کے صدرمائیکل سلیمان کے ساتھ ملاقات کے بعد نیوزکانفرنس میں کہی.

انہوں نے کہا کہ ”ہم لبنان کے اتحاد اور خود مختاری کو کسی بھی دھمکی خاص طور پر اسرائیل کی جانب سے دھمکیوں کو مسترد کرتے ہیں”.

ان کا کہناتھا کہ انہوں نے گزشتہ روز اسرائیلی وزیر دفاع ایہود باراک کے دورہ مصرکے موقع پراسرائیلیوں سے اس سلسلہ میں بات چیت کی ہے اور ان سے کہا ہے کہ وہ دوست ملک لبنان کو دھمکیاں دینے سے باز آجائیں”.

اسرائیل کے مختلف لیڈر لبنان میں قومی اتحاد کی حکومت کے قیام کے بعد متعدد مرتبہ اس کے خلاف فوجی کارروائی کی دھمکیاں دے چکے ہیں.نئی لبنانی حکومت میں حزب اللہ کی قیادت میں اپوزیشن کے گیارہ وزیرہیں اور انہیں کابینہ کے فیصلوں پرویٹو کا حق حاصل ہے.

اسرائیل کے وزیر ماحولیات گداون ایزرا نے گزشتہ بدھ کو ایک بیان میں کہا تھا کہ ”جس لمحہ لبنانی حکومت نے حزب اللہ کو قانونی جوازفراہم کیا تو اس کو یہ بات سمجھ لینی چاہئے کہ پورے لبنان کو اسی طرح ہدف بنایا جائے گا جس طرح حزب اللہ تنظیم اسرائیل کا ہدف ہے”.

اس سے ایک روز پہلے اسرائیلی وزیر اعظم ایہود اولمرٹ نے بھی دھمکی دی تھی کہ حزب اللہ کو حکومت کی قیادت سونپی گئی تو اسرائیل لبنان کے خلاف 2006ء سے بھی زیادہ تباہ کن کارروائی کرے گا.

حزب اللہ کے رہ نما حسن نصراللہ نے بھی اتوار کو اسرائیل کوجوابی دھمکی دی ہے کہ اگر لبنان کے خلاف دھمکیوں کوعملی جامہ پہنایا گیا تو صہیونی ریاست کو تباہ وبرباد کر دیا جائے گا.

”اگر کوئی جنگ ہونے جارہی ہے جس طرح کہ وہ دھمکیاں دے رہے ہیں تو اس مرتبہ ہماری فتح فیصلہ کن ،غیر متنازعہ اور حتمی ہوگی” حزب اللہ کے رہ نما کا کہنا تھا.

2006 ء میں اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان 34 دن تک تباہ کن جنگ لڑی گئی تھی جس میں 12 سو لبنانی جان بحق اور 160 سے زیادہ اسرائیلی فوجی ہلاک ہوئے تھے جن میں زیادہ تر فوجی تھے.

اسرائیل نے لبنان کے جنوب اور بیروت کے نواح میں واقع حزب اللہ کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا تھا اور اسرائیلی فوج کی وحشیانہ بمباری سے لبنانی دارالحکومت کی سڑکیں ،ائیر پورٹ اورپلوں سمیت سویلین انفراسٹرکچرمکمل طورپر تباہ ہوگیا تھا.اسرائیل نے لبنان پر حملہ حزب اللہ کی جانب سے 12جولائی 2006ء کو دواسرائیلی فوجیوں کو یرغمال بنائے جانے کے بعدکیا تھا.

مختصر لنک:

کاپی