امریکا کی ری پبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار جان مکین نے ریاست الاسکا کی گورنرسارہ پالن کواپنے ساتھ انتخابات میں نائب صدارت کے لئے امیدوارنامزد کیا ہے.
جان مکین نےجمعہ کو اپنی بہترویں سالگرہ کے موقع پر اوہائیو میں ری پبلکن پارٹی کی ریلی کے دوران سارہ پالن کا نائب صدارت کی امیدوار کے طور پراعلان کیا.انہوں نے کہاکہ ”وہ ،پالن ایسی شخصیت ہیں ،جس کی مجھے ضرورت ہے.یہ وہی ہیں جن کی دراصل اس ملک کو بھی ضرورت ہے.واشنگٹن کی روایتی سیاست”میں پہلے اور ملک بعد میں” کے خلاف جدوجہد میں میری مدد کیجئے”.
اس موقع پر سارہ پالن نے اعلان کیا کہ وہ اپنے انتخابی مہم کے سلسلہ میں ملک کے کونے کونے میں جائیں گی اور وہ ہر سیاسی جماعت سے تعلق رکھنے والے یاپارٹی وابستگی نہ رکھنے والے ووٹروں تک اپنا اصلاحات کا پیغام پہنچائیں گی.
سینٹر جان مکین کی جانب سے پالن کے انتخاب کو سینٹر ہیلری کلنٹن کے ناراض ڈیموکریٹک اور آزادخیال حامیوں کی ہمدردیاں حاصل کرنے کی کوشش قرار دیا جارہاہے. پالن تیل کی دولت سے مالا مال امریکا کی شمال مغربی ریاست الاسکا کی دسمبر 2006ء سے گورنر چلی آرہی ہیِں اور وہ اس ریاست کی پہلی خاتون اور کم عمر سربراہ ہیں.
پالن بدعنوانی مخالف صلیب بردار کے طور پر جانی جاتی ہیں.انہوں نے صحافت کی تعلیم حاصل کی اور اپنی جماعت کے قدامت پسند ونگ سے تعلق رکھتی ہیں.وہ شادی شدہ اور پانچ بچوں کی ماں ہیں .وہ اسقاط حمل کے حقوق کی مخالف ہیں.سارہ امریکا کی نیشنل رائفل ایسوسی ایشن کی بھی رکن ہیں.وہ اپنی ریاست سے ملک کے دوسرے علاقوں تک قدرتی گیس پہنچانے کے لئے پائپ لائن بچھانے کی بھی حامی ہیں.
سارہ پالن نے اپنے سیاسی کیرئیر کا آغاز الاسکا کے ایک چھوٹے قصبے واسیلا کی میئر کی حیثیت سے کیا تھا اور وہ 1996ء سے 2002ء تک اس قصبے کی میئر رہی تھیں.2006ء میں گورنر کے لئے ری پبلکن پارٹی کے پرائمریز کے دوران انہوں نے ٹرانسپورٹ سے تعلیم اور جرائم تک مسائل کو اپنی مہم کا موضوع بنایاتھا.
اگر چار نومبر کو سینٹر جان مکین امریکا کے صدر منتخب ہوگئے تو سارہ پالن امریکا کی تاریخ میں پہلی خاتون نائب صدر ہوں گی.
سینٹر جان مکین کو ری پبلکن پارٹی کی جانب سے آئندہ ہفتے ریاست منی سوٹا کے شہر سینٹ پال میں ہونے والے قومی کنونشن میں باضابطہ صدارتی امیدوارنامزد کیا جارہا ہے.