پنج شنبه 08/می/2025

اسرائیل نے اپنے شہریوں کے اغوا کا حزب اللہ کا منصوبہ ناکام بنا دیا

منگل 2-ستمبر-2008

اسرائیلی سکیورٹی فورسز نے لبنانی تنظیم حزب اللہ کی جانب سے افریقہ ،ایشیا اور جنوبی امریکا میں اسرائیلی تاجروں کواغوا کرنے کی پانچ سازشوں کو ناکام بنانے کا دعویٰ کیا ہے.

اسرائیلی اخباریدیعوت احرنوت میں منگل کو شائع ہونے والی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حزب اللہ نے اسرائیلیوں کے اغوا کے لئے دوردرازعلاقوں میں رہنے والی شیعہ کمیونٹیوں میں ”سلیپر سیلز”کو استعمال کرنے کی کوشش کی تھی.

یدیعوت احرنوت اور دوسرے اخبارات نے اس منصوبہ کا اسرائیل کے سکیورٹی حکام کانام ظاہر کئے بغیرانکشاف کیا ہے تاہم سرکاری سنسرشپ کی وجہ سے اس مبینہ سازش کی مزید تفصیل بیان نہیں کی گئی.

اسرائیل اس سال فروری میں حزب اللہ کے سنئیر کمانڈرعماد مغنیہ کی دمشق میں ایک کاربم دھماکے میں ہلاکت کے بعد ہائی الرٹ ہے .صہیونی ریاست نے اس حملے کا خیر مقدم کیا تھاتاہم اس کی ذمہ داری قبول کرنے سے انکار کردیا تھا.

حزب اللہ کے رہ نما حسن نصراللہ نے اسرائیل پر حملے کا الزام عاید کیا تھا اوروہ متعددمرتبہ مقتول کمانڈر کی ہلاکت کابدلہ لینے کےعزم کا اظہار کر چکے ہیں.
گذشتہ ماہ اسرائیل نے بیرون ملک رہنے اور سفر کرنے والے اپنے شہریوں کو حزب اللہ کے کسی حملے یا اغوا کی کارروائی سے بچنے کے لئے غیر معمولی احتیاط برتنے کی ہدایت کی تھی.

مختصر لنک:

کاپی