شنبه 03/می/2025

چینی مسلمانوں پررمضان میں ڈاڑھی بڑھانے اور پردے کی پابندی

جمعہ 12-ستمبر-2008

چین کے مسلم اکثریتی صوبہ سنکیانگ میں مقدس اسلامی مہینے رمضان المبارک کے دوران مسلمانوں پر نئی پابندیاں عاید کر دی گئی ہیں.

لندن سے شائع ہونے والے اخبارالشرق الاوسط کی ایک رپورٹ کے مطابق نئی پابندیوں میں ڈاڑھی نہ بڑھانا،خواتین کا چہرے پر نقاب نہ اوڑھنا اور رمضان کے دوران مقامی حکام پر روزہ نہ رکھنے کی پابندی شامل ہے.

اخبار میں شائع ہونے والے مضمون کے مطابق مقامی حکام نئی پابندیوں پرعمل درآمد کا جائزہ لینے کے لئےہفتے میں دومرتبہ مساجد کا دورہ کریں گے.

چین کی مقامی ویب سائٹس کے مطابق نئے قوانین خاص طور پررمضان میں سلامتی اور استحکام کو برقرار رکھنے کے لئے نافذکئے گئے ہیں.ان کے تحت طلبہ اوراساتذہ کے روزہ رکھنے پربھی پابندی لگائی گئی ہے،ریٹائرڈ سرکاری ملازمین کا مساجد میں داخلہ ممنوع ہوگا اور روزہ کے اوقات میں ریستوران بندرکھنے پرپابندی لگا دی گئی ہے.

سنکیانگ کی سرکاری ویب سائٹ پر جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ”ہمیں مذہبی لوگوں کو مذہبی عبادات ،جیسے روزانہ نمازتراویح کی ادائی اور مذہبی اجتماعات سے روکنا ہوگا کیونکہ اس سے خطہ عدم استحکام کا شکار ہوسکتا ہے”.

ویب سائٹ پر حکومتی اقدامات کا دفاع کیا گیا ہے اور انہیں دہشت گردی سے نمٹنے اور مذہبی تعلیم کے فروغ کوروکنے کا طریقیہ قراردیا گیا ہے جس سے چینی حکام کے بقول تشدد کوہوا ملتی ہے.

حکومت نے روزہ رکھنے کے لئے دوسروں کو آمادہ کرنے والے مسلم مبلغین کو بھی خبردارکیا ہے جو مسلمانوں پر رمضان کے روزے کی فرضیت اور اس کے فوائد بیان کرتے ہیں.

صوبہ سنکیانگ میں حکومت کی جانب سے یہ امتناعی اقدامات تشدد کے حالیہ واقعات کے بعد کئے گئے ہیں .صوبے میں دہشت گردی کے ایک حملے میں 20 پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے تھے.

چینی حکام نے ان حملوں کا الزام بنیاد پرست گروپوں پر لگایا تھا جوصوبے کی آزادی اور ایک اسلامی ریاست کے قیام کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں.ان میں سے ایک گروپ مشرقی ترکستان تحریک اسلامی کو چین کی حکومت ،امریکا اور اقوام متحدہ نے دہشت گرد تنظیم قرار دے رکھا ہے.

چین کا اسلام پسندوں پر الزام ہے کہ وہ انیسویں صدی کےمشرقی ترکستان کی اسلامی قومیت کی بحالی کی جدوجہد کر رہے ہیں جس پر چین نے 1880ء کے عشرے میں قبضہ کرلیا تھا اور اسے صوبہ سنکیانگ میں ضم کرلیا تھا.1949ء میں کمیونسٹوں کے اقتدار پر قبضہ کے بعدچینی حکومت نے اس صوبے پر اپنی گرفت مضبوط کر لی تھی اور اس کا نام تبدیل کر کے سنکیانگ،ژن جیانگ رکھ لیا تھا جس کا مطلب نیا شہر ہے.نام تبدیل کرنے کا مقصداس کی اسلامی شناخت کارخ لادین کمیونزم کی جانب موڑناتھا.

مختصر لنک:

کاپی