امریکا نے اسرائیل کو جدید میزائل شکن راڈار نظام مہیا کیا ہے جو ایران کی جانب سے کسی میزائل حملے کی صورت میں اس کی پیشگی اطلاع دے گا.
اسرائیل کے سرکاری ریڈیونے اتوار کو اسرائیلی حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ نیا راڈار نظام گذشتہ ہفتے اسرائیل پہنچا تھا اوراس کے ساتھ 120 ارکان پرمشتمل امریکی تکنیکی عملہ بھی آیا ہے. اسرائیلی حکام نے بتایا راڈارسسٹم نگیف کے صحرا میں واقع نیواٹیم ایئربیس پر نصب کیا گیا ہے.
یہ سسٹم بیلسٹک میزائل کو فائر کئے جانے کے فوری بعد اس کی نشاندہی کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے جس سے اسرائیل کے ایرونظام کو بہت کم دورانیے میں اپنا ردعمل ظاہر کرسکے گا.یہ جدیدراڈار نظام کسی میزائل حملے کوروکنے کے لئے تیار کیا گیا ہے.
واضح رہے کہ اسرائیلی حکام نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پریہ معلومات فراہم کی ہیں کیونکہ اسرائیل نے ابھی تک سرکاری طور پرراڈار نظام کی آمد کا اعلان نہیں کیا اور اس کی تنصیب کی سب سے پہلے ڈیفنس نیوزمیں شائع ہونےوالی ایک رپورٹ میں اطلاع دی گئی ہے.
اسرائیلی فوج نے اتوار کو ایک بیان میں کہا ہے کہ اس کی امریکی فوج کے ساتھ تعاون کی مختلف شکلیں ہیں لیکن ایک ضابطے کے تحت باہمی تعلقات اور تعاون کی تفصیل ظاہر نہیں کی جاتی”.