امریکا نے جدید قسم کا میزائل شکن ریڈار نظام اسرائیل کے حوالے کردیے ہیں جس کا مقصد ایران کی طرف سے ممکنہ بیلسٹک میزائل حملوں کے خطرات کو روکنا ہے۔ اس امر کا انکشاف اسرائیل کے سرکاری ریڈیو چینل نے اپنے ایک نشرئیے میں کیا۔
رپورٹ کے مطابق اس ریڈار کا ہدف دو ہزار کلو میٹر پر محیط ہے اوراسے ملک کے جنوبی علاقے میں نصب کیا گیا ہے۔ ریڈار نظام کو چلانے کے لئے امریکی فوج کے 120 اہلکاروں کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے۔ اسرائیلی وزارت دفاع کے ترجمان نے رپورٹ کے بارے میں لاعلمی کا اظہار کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق جنوبی اسرائیل میں ایکس بینڈ ریڈار نظام نصب کیا گیا ہے جس کو فوری طور پر ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل بھی کیا جا سکتا ہے۔ یہ نظام درمیانے اور طویل فاصلے تک ہدف کو نشانہ بنانے والے بیلسٹک میزائلوں کے وارہیڈ کی نشاندہی اور انہیں مار گرانے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔
امریکی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی دفاعی حکام نے بتایا ہے کہ امریکا نے یہ ریڈار سسٹم ایک ہفتہ قبل فراہم کیا ہے جس کو ابھی منظر عام پر نہیں لایا گیا ہے۔