لبنان میں دوافراد کو اسرائیل کے لئے جاسوسی کے الزام میں گرفتارکر لیا گیا ہے.لبنانی فوج نے ہفتہ کے روز ایک بیان میں کہا ہے کہ دونوں کو آرمی انٹیلی جنس نے گرفتار کیا ہے اور ان کے قبضے سے حساس کیمرے اور مواصلاتی آلات برآمد ہوئے ہیں.
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ دونوں گرفتار افراد نے لبنان کی سیاسی جماعتوں کے دفاتر سے معلومات اکٹھی کرنے اور دشمن صہیونی ریاست کے کے لئے سیاسی شخصیات کی نقل وحرکت کی نگرانی کرنے کا اعتراف کیا ہے.
لبنانی فوج نے دونوں گرفتار افراد کی شہریت کے بارے میں کچھ نہیں بتایا.تاہم بیان میں کہا گیا ہے کہ ”ان کا تعلق دہشت گردی اور جاسوسی کے ایک نیٹ ورک سے ہے جس کے اسرائیل کے ساتھ تعلقات ہیں”.
گرفتارافراد سے تحقیقات جاری ہے اور لبنانی فوج کے کسی افسرنے ان کے بارے میں مزید کسی تبصرہ سے انکار کیا ہے. دونوں مشتبہ افراد کو لبنان کے مشرقی علاقے وادی بقاع میں جمعہ کو تحقیقات کے بعد پکڑاگیا ہے جہاں شیعہ تنظیم حزب اللہ کا کنٹرول ہے اور اس کے کارکن بڑی تعداد میں موجود ہیں.
واضح رہے کہ ماضی میں مشرق وسطیٰ کے ممالک میں اسرائیل پرعوامی شخصیات کے قتل کا الزام عاید کیا جاتا رہا ہے اور اس کی خفیہ ایجنسی موساد پڑوسی ممالک میں گڑبڑ پھیلانے اور تشدد کے واقعات میں ملوث رہی ہے.
جون 2006ء میں لبنانی فوج نے اسرائیل سے وابستہ ایک نیٹ ورک کو پکڑا تھا جو اسلامی جہاد کے سنئیر رہ نما محمود مجذوب اوران کے بھائی ندال کے جنوبی بندرگاہ سیدون میں اسی سال مئی میں ایک کاربم دھماکے میں قتل کے واقعے میں ملوث تھا.