امریکا کے نومنتخب صدر بارک اوباما نے اپنی انتظامیہ کی تشکیل کے لئے کام شروع کردیا ہے اور انہوں نے ریاست ایلنائے سے تعلق رکھنے والے رکن کانگریس اور اسرائیلی فوج کے سابق فوجی رحم عمانوایل کو وائٹ ہاٶس کے اسٹاف کے سربراہ کا عہدہ سنبھالنے کی پیش کش کر دی ہے.
ڈیموکریٹک پارٹی کے ذرائع کے مطابق شکاگو سے تعلق رکھنے والے عمانوایل کو اوباما نے امریکا کا صدر منتخب ہونے کے چند گھنٹے کے بعد ہی چیف آف اسٹاف کے عہدے کی پیش کش کردی تھی اور توقع ہے کہ وہ اسے جلد قبول کرنے کا اعلان کر دیں گے.
اسرائیل کے پبلک ریڈیو کی ایک رپورٹ کے مطابق عمانوایل نے 1991ء کی خلیج جنگ کے زمانے میں شمالی اسرائیل میں ایک فوجی اڈے پر صہیونی فوج کے ساتھ بطوررضاکار دوماہ تک کام کیا تھا.
اسرائیلی ریڈیو اسٹیشنز اور اخباراتنے یہ اطلاع بھی دی ہے عمانوایل کے مقبوضہ بیت المقدس میں پیدا ہونے والے باپ انتہا پسند یہودیوں کی تحریک ارگن کے رکن رہے تھے.اس تحریک کے جنگجوٶں نے 1948 ء میں برطانوی فوج کے ساتھ اسرائیل کے قیام سے قبل لڑائی لڑی تھی اور فلسطینیوں کو ان کے علاقوں اور گھروں سے اسلحہ کے زور پرنکا ل باہر کیا تھا.
عمانوایل سابق امریکی صدر بل کلنٹن کے بھی مشیر رہ چکے ہیں اور وہ ماہر حکمت کار کی شہرت رکھتے ہیں لیکن اس کے ساتھ ساتھ یہ بھی کہا جاتا ہے کہ وہ واشنبگٹن کی سیاست میں ایک متعصب کردار کی ہیں.
ری پبلکنز نے عمانوایل کی اس صلاحیت پر اعتراض کیا ہے کہ آیا وہ اہم قانون سازی کے وقت ڈیموکریٹک پارٹی کے ارکان اور ری پبلکنز کو ایک دوسرے کے قریب لاسکیں گے اور کسی ممکنہ گریڈ لاک کا خاتمہ کر سکیں گے.
عمانوایل کے والد نے ،جو 1960ء کی دہائی میں امریکا منتقل ہو گئے تھے،اسرائیلی اخبار معاریف سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ صدرپراسرائیل نواز بننے کے لئے اپنا اثرورسوخ استعمال کریں گے.اس اخبار نے یہ سرخی لگائی ہے:”وائٹ ہاٶس میں ہماراآدمی”.
ایک اسرائیلی ویب سائٹ وائی نیٹ نے عمانوایل کے ایک قریبی ذرائع کے حوالے سے لکھا ہے کہ ”وہ اسرائیل نواز ہیں اور وہ اس وقت تک عہدہ قبول نہیں کریں گے جب تک وہ نومنتخب صدربارک اوباما کے بارے میں قائل نہیں ہوجاتے کہ وہ بھی اسرائیل نواز ہیں”.
اس عہدے کی ہرانتظامیہ میں مختلف ذمہ داریاں رہی ہیں لیکن بالعموم چیف آف اسٹاف صدر کے مشیر اعلیٰٰ کی حیثیت سے فرائض انجام دیتا ہے اورصدرملاقاتیوں کے انتخاب میں اہم کردار ادا کرتاہے. یہ فیصلہ کرتا ہے کہ کس کو صدر سے ملنے دیا جائے اور کس کو نہیں.وہ وائٹ ہاٶس کے دوسرے انتظامی امور کو چلاتاہے.
48 سالہ عمانوایل 2002ء میں اوباما کے آبائی شہر شکاگو سے ایوان نمائندگان کے رکن منتخب ہوئے تھے اور بہت جلد ان کا ڈیموکریٹک پارٹی کے قائدین میں شمار ہونے لگا .
ایوان نمائدگان میں ڈیموکریٹس کو اکثریت ملنے کے بعد عمانوایل کو ڈیموکریٹک کاکس کا چئیرمین منتخب کرلیا گیا تھا اور وہ ایوان میں اپنے پارٹی کے چوتھے نمبر کے رکن شمار ہوتے ہیں.
امریکا کے نومنتخب صدر بارک اوباما 20 جنوری کو اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے .وہ اس وقت بڑی تیزی کے ساتھ اپنی نئی انتظامیہ کے عہدے داروں کا انتخاب کر رہے ہیں اور جمعہ کو وہ ملک کو درپیش معاشی مسائل کے حل کے لئے تاجروں صنعت کاروں اور معاشی ماہرین سے ملاقاتیں کر رہے ہیں.