شنبه 10/می/2025

اولمرٹ نے حماس حکومت ختم کرنے کی دھمکی دیدی

پیر 17-نومبر-2008

اسرائیلی وزیر اعظم ایہود اولمرٹ نے غزہ میں فلسطینی عسکری جماعتوں سے کی گئی جنگ بندی ختم کرتے ہوئے اسلامی تحریک مزاحمت(حماس) کی حکومت کا تختہ الٹنے کی دھمکی دی ہے-
 
حکومت کے ہفتہ وار اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اولمرٹ کا کہنا تھا کہ انہوں نے فوج کو حماس حکومت کے خاتمے کے لیے حتمی منصوبہ بندی کی ہدایت کردی ہے- فوج کو بتادیا گیا کہ حماس کو غزہ میں مزید تسلط قائم رکھنے کا موقع نہ دیا جائے اور اس کے لئے حتمی لائحہ عمل طے کر لیا جائے-

واضح رہے کہ گزشتہ کئی ماہ سے فلسطینی جماعتوں سے کی گئی جنگ بندی کے باوجود قابض فوج نے حالیہ حملوں میں سترہ فلسطینی شہید کر دیے ہیں-مصر کی ثالثی کے تحت طے پانے والی اسرائیل اور فلسطین میں زبانی جنگ بندی انیس دسمبر کو ختم ہونا تھی-

دوسری جانب اسرائیلی ریڈیو نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے اولمرٹ نے حال ہی میں آرمی چیف گابی اشکنازی کے ہمراہ غزہ کی حدود میں فوجی کیمپوں کا دورہ کیا، دورے کے دوران اولمرٹ نے اعلی سطح کی فوجی قیادت کو حماس کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کے لیے گرین سگنل دے دیا ہے-

اولمرٹ کا مزید کہناتھا کہ عسکری تنظیموں سے کی گئی جنگ بندی کے وہ پابند نہیں، وہ جب اور جہاں خطرہ محسوس کریں گے آگے بڑھ کر حملہ کردیں گے-دریں اثناء اسرائیلی وزیر دفاع ماٹان ویلنائی نے کہا ہے کہ حماس کے خلاف فیصلہ کن حملے کا وقت قریب آگیا ہے، اس حوالے سے فوجی اور سیاسی قیادت سے مشاورت کا سلسلہ جاری ہے-

مختصر لنک:

کاپی