اسرائیلی رکن کنیسٹ (پارلیمنٹ ) غد عون عزرا نے فلسطینی راکٹ حملوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ غزہ کے نواح میں قائم یہودی آبادیاں شدید عدم تحفظ کا شکار ہو چکی ہیں، حکومت ان کے تحفظ کے لیے جنگی بنیادوں پر پالیسی مرتب کرے- پارلیمنٹ کے اجلاس میں تقریر کرتے ہوئے عزرا نے کہا کہ فلسطینی راکٹ حملوں سے یہودی آبا کاروں کی زندگیاں اجیرن ہو گئی ہیں جبکہ حکومت کوئی خاطر خوا ہ اقدامات بھی نہیں کیے جا رہے-
دوسری جانب لیکوڈ پارٹی سے تعلق رکھنے والے رکن پارلیمنٹ غدعون ساحر نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت یہودی آباد کاروں کے تحفظ کے لیے محض زبانی دعوے کر رہی ہے، عملا ایساکوئی قدم نہیں اٹھایا جا رہا –
انہوں نے کہا کہ حکومت کی غفلت کے باعث مزاحمت کاروں کوحملے تیز کرنے کا موقع مل رہا ہے- ایک دوسرے رکن پارلیمنٹ شائی حیر میش نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جنگ بندی کے عرصے میں حکومت یہودی آبا د کاروں کو تحفظ فراہم نہیں کر سکی حالت جنگ میں ان کی مشکلا ت کیسے دور کی جا سکتی ہیں- ان کا کہنا تھا کہ غزہ کے قریب ’’کفار عزہ‘‘ کالونی کے تین ہزار مکانات میں سے صر ف چند مکانات کو قلعہ بند کیا گیا جو حکومتی نا اہلی کا واضح ثبوت ہے-