مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے اسلامک ایکشن کمیٹی کے جنرل سیکرٹری زکی ارشید نے غزہ کی ناکہ بندی کو تاریخ کا بد ترین ظلم قرا ردیتے ہوئے عرب ممالک کی جانب سے اختیار کی گئی خاموشی کی حکمت عملی کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا- انہوں نے کہا کہ عرب ممالک کی جانب سے غزہ کی پٹی پر اسرائیلی مظالم پرخاموش رہنا شرمناک اور بزدلانہ اقدام ہے-
عرب ممالک کو اسرائیل سے تعلقات کے قیام کی فکر کھائے جارہی ہے ،انہیں فلسطینی عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کی پرواہ نہیں- زکی ارشید نے عرب ممالک کے حکمران طبقے کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم میں مسلم حکمرانوں کا برابر کا ہاتھ ہے، بزدل اور منافق حکمران اپنے اقتدار کے بقاء کی جنگ لڑ رہے ہیں انہیں فلسطین سمیت دنیا بھر کے مسلمانوں کے مسائل سے کوئی سرو کار نہیں-
انہوں نےعرب ممالک سے مخاطب ہو کر کہا کہ اسرائیل سے دوستی کرنا فلسطینی عوام کے قتل عام کے لیے اسرائیل کو سرٹیفکیٹ فراہم کرنا ہے-دوسری جانب اردن کے دیگر شہروں میں بھی اسرائیل کے خلاف مظاہروں کی اطلاعات ہیں، مظاہرین نے احتجاج کے دوران امریکہ اور اسرائیل کے پرچم بھی نذر آتش کیے-