امریکا کے منتخب صدربارک اوباما نے صدارتی نامزدگی کی دوڑ میں اپنی حریف ہیلری کلنٹن کو ملک کی نئی وزیرخارجہ نامزد کردیا ہے اور اعلان کیا ہے کہ موجودہ وزیر دفاع رابرٹ گیٹس بدستور اپنے عہدے پر کام کرتے رہیں گے.
بارک اوباما نے شکاگومیں پیر کے روز نیوزکانفرنس میں اپنی کابینہ کے نئے عہدے داروں کا اعلان کیا.انہوں نے ریٹائرڈ میرین جنرل جمیزجونزکو وائٹ ہاٶس کا قومی سلامتی کا مشیر مقرر کیا ہے. محکمہ انصاف کے ایک سابق عہدے دار ایرک ہولڈرکوملک کا نیااٹارنی جنرل اورریاست ایریزونا کی گورنرجینٹ نیپولیٹانو کو ہوم لینڈ سکیورٹی کی سیکرٹری مقرر کیا ہے.
بارک اوباما نے اپنی نیوز کانفرنس میں کہا کہ”اب ایک نئے آغاز کا وقت آگیا ہے،ایک نئی امریکی قیادت کے ظہورکا وقت جو اکیسویں صدی کے چیلنجز پر قابو پاسکے”.انہوں نے کہا کہ”ہم اپنے دشمنوں کو شکست دینے کے لئے اپنی صلاحیت کار کو مضبوط بنائیں گے اور اپنے دوستوں کی مدد کریں گے. ہم پرانے اتحادوں کی تجدید کریں گے اور نئے اتحاد بنائیں گے”.
بارک اوباما نے اپنی کابینہ کے ارکان کا تعارف کراتے ہوئے کہا کہ ”انہوں نے یہ ٹیم اس لئے اکٹھی کی ہےکیونکہ وہ مضبوط شخصیات میں پختہ یقین رکھتے ہیں”. واضح رہے کہ ہیلری کلنٹن ،ایرک ہولڈراورنیپولیٹانو کے تقرر کی امریکی سینٹ سے توثیق ضروری ہے .جیمزجونز وائٹ ہاٶس کے عہدے دار ہوں گے اس لئے ان کے تقرر کی توثیق کی ضرورت نہیں جبکہ سینٹ وزیر دفاع رابرٹ گیٹس کے تقرر کی پہلے ہی منظوری دے چکی ہے.
بارک اوباما نے اپنی انتخابی مہم کی خارجہ پالیسی کی معاون سوسان رائس کو اقوام متحدہ میں امریکا کی سفیر مقرر کیا ہے اورکہا ہے کہ وہ سوسان کو اپنی کابینہ کی وزیر بھی بنائیں گے.منتخب امریکی صدرنے گذشتہ ہفتے ٹموتھی گیتھنرکواپنا وزیرخزانہ مقرر کیا تھا.
ہیلری کلنٹن امریکا کی وزیر خارجہ مقرر ہونے کے بعد نیویارک سے اپنی سینٹ کی نشست سے دستبردار ہوجائیں گی.ہیلری کلنٹن کی طرح ایریزوناکی گورنر نیپولیٹانو بھی اپنا عہدہ چھوڑ دیں گی.