متحدہ عرب امارات کے 37ویں قومی دن کے موقع پر صدر امارات شیخ خلیفہ بن زاید النہیان نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری تمام تر صلاحیتیں صرف اس ملک کی ترقی کیلئے ہونی چاہئیں۔
شیخ خلیفہ نے قومی دن کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کے اس پرمسرت دن کے موقع پر میں اپنی قوم کو امارات کی ترقی پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ امارات کی ترقی اس کے شہریوں کی مسلسل جدوجہد اور عزم و استقلال کی وجہ سے قائم و دائم ہے اور میں اللہ تعالیٰ سے دعاگو ہوں کہ وہ اس ملک کو یونہی قائم و دائم رکھے اور مزید ترقی عطا فرمائے۔
اس موقع پر انہوں نے اپنے شہریوں اور بیرونی ممالک سے امارات میں آکر بسنے والوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ انکے بھی تہہ دل سے مشکور ہیں کہ وہ اپنا ملک چھوڑ کر امارات کی ترقی میں دن رات کوشاں ہیں۔ شیخ خلیفہ نے تقریب کو شیخ زاید بن سلطان النہیان کے نام سے منسوب کرتے ہوئے کہا کہ وہ امارات کے بانی اور قوم کے باپ ہیں۔
انہوں نے شیخ زاید بن سلطان النہیان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم جس مقام پر کھڑے ہیں یہ سب انہی کی کاوشوں کا نتیجہ ہے۔ بانی امارات نے اپنی قوم کو اس مقام پر لاکھڑا کیا ہے کہ وہ 21ویں صدی میں سر اٹھا کر داخل ہو سکتی ہے۔ اس دن پر آج ہم کھلے دل سے عہد کرتے ہیں کہ ملک کی ترقی کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں چھوڑیں گے۔