مصطفی البرغوثی نے اپنے ایک بیان میں کہاکہ انا پولس کانفرنس کے انعقاد سے اب تک اسرائیل 900فلسطینی قیدیوں کو رہا کرچکاہے جبکہ اسی دورانیے میں 5000 فلسطینیوں کو گرفتار کرچکاہے – گرفتار شدگان کی تعداد ، رہا شدگان سے پانچ گنا زیادہ ہے –
انہوں نے کہاکہ اسرائیل عالمی رائے عامہ کو گمراہ کررہاہے کیونکہ ان چند سو فلسطینی قیدیوں کو رہا کیاگیا ہے کہ جو اپنی سزائیں تقریباً مکمل کرچکے تھے ہزاروں افراد ابھی تک اسرائیلی قید میں ہیں- ان میں فلسطینی مجلس قانون ساز کے سینتالیس اراکین بھی شامل ہیں-
اسرائیلی ذرائع ابلاغ کے مطابق قابض اسرائیلی فورسز نے سوموار کے روز مغربی کنارے کے مختلف علاقوں سے دو کم عمرلڑکوں سمیت سترہ فلسطینی گرفتار کرلئے ، قلقیلیہ کے وطن ٹیلی ویژن سٹیشن نے اطلاع دی ہے کہ قابض اسرائیلی فوجیوں نے کیمرہ مین ابراہیم حماد کو سوموار کے روز گرفتار کرلیا-
غزہ کی پٹی میں وزارت زراعت نے کہاہے کہ قابض اسرائیلی فوج جنگی کشتیوں (Gunboats)نے دوماہی گیروں کو گرفتار رکرلیا جو شمالی غزہ کی پٹی کے ساحل پر ماہی گیری میں مشغول تھے ، یہ ماہی گیرغزہ کی سمندری حدود میں ماہی گیری کررہے تھے-