عراق کی وزارت داخلہ کے پینتیس اعلیٰ عہدے داروں کوگذشتہ تین روزکے دوران سابق حکمران بعث پارٹی کی تشکیل نو اور حکومت کا تختہ الٹنے کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا ہے ،ان میں جنرل کے عہدے کے بعض افسر بھی شامل ہیں.یہ انکشاف امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے جمعرات کی اشاعت میں ایک رپورٹ میں کیا ہے.
بغداد میں عراق کے سنئیر سکیورٹی حکام نے ان گرفتاریوں کی تصدیق کی ہے .گرفتارافسروں میں وزارت داخلہ کے داخلی امور کے ڈائریکٹر، جنرل احمد ابورقیف سمیت چار جنرل شامل ہیں .
حکام کا کہناہے کہ ان افراد کو ایلیٹ انسداد دہشت گردی فورس نے گرفتار کیا ہے جو براہ راست وزیراعظم نوری المالکی کے دفتر کے تحت کام کرتی ہے.
نیویارک ٹائمز کے مطابق عراقی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ وزارت داخلہ اور قومی سلامتی کے جن افسروں کو گرفتار کیا گیا ہے ان میں سے بعض حکومت کا تختہ الٹنے کی منصوبہ بندی کے ابتدائی مراحل میں تھے اور ان کی گرفتاری کے سلسلہ میں انسداددہشت گردی یونٹ کی مداخلت سے صورت حال کی سنگینی کا اندازہ ہوتا ہے.
لیکن اپنی شناخت ظاہر کئے بغیریہ معلومات فراہم کرنے والے عراقی حکام نے گرفتارافسروں پرالزامات کی مزید تفصیل نہیں بتائی.