فلسطینی قیدیوں کی سوسائٹی (پی پی ایس) نے آج (بُدھ کو) کہا ہےکہ اسرائیلی جیلوں میں قید فلسطینی آج معمول کی تفتیش کے لیے اپنی کوٹھریاں چھوڑنے اور کھانا لینے سے انکار کریں گے۔
گذشتہ سوموار سے قیدیوں نے ایک اعلان کے بعد احتجاجی اقدامات اٹھانا شروع کر دیے تھے۔
چند روز قبل، فلسطینی اسیران تحریک کی قومی ہنگامی کمیٹی نے اعلان کیا تھا کہ وہ اگلے دو ہفتوں کے لیے پیر اور بدھ کو اقدامات کا سلسلہ شروع کرے گی، ان اقدامات میں فلسطینی دھڑوں کے قیدیوں پر مشتمل اجتماعی بھوک ہڑتال بھی شامل ہے۔
پی پی ایس کے مطابق، قیدیوں کے احتجاج کا مقصد اسرائیلی جلّادوں پر اپنی قید کے حالات کو بہتر بنانے کے لیے دباؤ ڈالنا ہے۔
قیدیوں نے اسرائیلی جیل سروس پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ پچھلے سال گلبوا جیل سے چھ قیدیوں کے جیل توڑنے کے بعد ان پر عائد پابندیاں ہٹانے کے اپنے سابقہ وعدے کو پورا کرنے میں ناکام رہی ہے۔
ان اسرائیلی پابندیوں میں دیگر عقوبتوں کے علاوہ قیدِ تنہائی اور درجنوں قیدیوں کی دوسری جیلوں میں بار بار منتقلی بھی شامل ہے۔