اسرائیلی قابض فوج اور فلسطینی شہریوں کے مابین آج صبح مغربی سلفیت کے قصبہ قراوہ بنی حسان میں جھڑپیں ہوئیں۔ فوج نے ایک بلڈوزر ضبط کر لیا۔
فلسطینی شہری قابض فوج کا ناجائز قبضہ چھڑوانے کے لیے اپنی زرعی اراضی پر بلڈوزر لائے تھے۔ ان کا ارادہ تھا کہ فوج کی قائم کردہ چوکی کو اکھاڑ پھینکیں۔
یہ علاقہ مغربی کنارے کے علاقہ ‘ج’ میں واقع ہے، جس پر اسرائیلی فوج نے قبضہ کر رکھا ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق فوج نے بلڈوزر کو نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا اور مقامی باشندوں کو علاقے سے دور رہنے کا حکم دیا ہے۔
ایک الگ واقعے میں، قابض فوج نے شمالی رام اللہ میں عطارہ گاؤں کے مرکزی دروازے پر شاہراہ کو بند کر دیا اور مقامی باشندوں کو برزیت شہر اور دیگر قریبی علاقوں میں داخل ہونے سے روک دیا۔
گاؤں کے مشتعل نوجوانوں کی مزاحمت پر فوج نے آنسو گیس کے گولے داغے۔