حماس کے ترجمان عبداللطیف القانو نے مقدس مقامات کو یہودیانے کی اسرائیلی مذموم کوششوں کے خلاف اپنی مزاحمت جاری رکھیں گے اور اسرائیلی جبر کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ فلسطینی عوام اپنی سرزمین کے تحفظ کے لیے اپنی جدو جہد کو جاری رکھتے ہوئے قابض فوج کو نکال باہر کریں گے۔
اتوار کے روز حماس کی طرف سے جاری کردہ بیان میں ترجمان نے کہا ‘ مسجد اقصیٰ پر بڑھی ہوئی یہودی چڑھائی اور بار بار کی بے حرمتی کے واقعات اسرائیل کی بوکھلاہٹ کا اظہار ہیں۔ تاکہ وہ مسجد اقصیٰ پر اپنا قبضہ پکا کر سکے۔ اسی مقصد کے لیے مسجد اقصیٰ کے صحن میں یہودی آباد کاروں کی سرگرمی بڑھا رہا ہے۔
عبداللطیف القانو نے مزید کہا ‘ فلسطینی عوام مسجد اقصیٰ کو یہودیانے کی ہر سازش کو ناکام بنائیں گے، (انشا اللہ )۔ ترجمان حماس نے دوٹوک انداز میں کہا ‘ اسرائیلی قابض اتھارٹی کے مقدس مقامات کے خلاف حربے اور تقدس کی پامالیاں ایک مذہبی جنگ کا باعث بن سکتی ہیں۔
کیونکہ یہودی آباد کاروں کو مسجد اقصیٰ اور آمسجد ابراہیمی کی بے حرمتی کے لیے اسرائیلی قابض فوج اور پولیس باقاعدہ تحفظ و سہولت دیتی ہے۔ جبکہ مسلمانوں کے لیے مسجد کے دروازے بند کر دیے جاتے ہیں۔ اس لیے اس کے نتائج کی ذمہ دار اسرائیلی قابض اتھارٹی ہو گی۔