عبرانی خبر رساں ادارے کے مطابق، آج صبح مقبوضہ مغربی کنارے میں اربییل کی غیر قانونی بستی اور اس کے آس پاس چھرا گھونپنے اور کاریں ٹکرانے سے تین یہودی آباد کار ہلاک اور تین زخمی ہو گئے۔
اسرائیلی قابض فوج کا کہنا ہے کہ ایک فلسطینی نوجوان نے اربییل بستی کے داخلی دروازے کے قریب ایک سکیورٹی گارڈ سمیت دو اسرائیلیوں پر چاقو سے وار کیا۔ اس کے بعد اس نے قریبی گیس سٹیشن پر دو دیگر اسرائیلیوں کو چاقو مارا اور گاڑی میں فرار ہو گیا۔
دعوی کیا جا رہا ہے کہ اسی نوجوان نےچھرا گھونپنے سے پہلےقریبی ہائی وے پر کچھ کاروں کو ٹکریں مار کر نقصان بھی پہنچایا۔ اسرائیلی فوجیوں نے اسے گولی مار کر ہلاک کر دیا۔
فلسطینی رپورٹس میں مقتول نوجوان کی شناخت 19 سالہ محمد مراد سامی صوف کے نام سے ہوئی ہے جو نابلس کے قریب حارس قصبے سے تھا۔
اسرائیلی طبی ذرائع کے مطابق واقعے میں چھ اسرائیلی زخمی ہوئے ، جن میں سے تین شدید زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔
یہ کارروائی مقبوضہ علاقوں میں بڑھتے ہوئے اسرائیلی جرائم اور خلاف ورزیوں کے جواب میں سامنے آئی ہے۔