کینسر کی آخری سٹیج پر پہنچے اسرائیلی جیل میں فلسطینی قیدی ناصر ابو حمید کی جیل میں حالت مزید بگڑ گئی ہے۔ 49 سالہ ابو حمید کے بارے میں اسریٰ میڈیا آفس نے رپورٹ کیا ہے کہ وہ اس وقت انتہائی حالت میں ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ابو حمید کے ہاتھ اور چہرے میں کینسر کے ‘ٹیومرز’ کی تشخیص ہوئی ہے۔ اشکلون کی اسرائیلی جیل میں ان کو اس قریب المرگ حالت میں دیکھتے ہوئے ان کے ساتھ موجود فلسطینی قیدی بھی سخت صدمے کی حالت میں ہیں۔
ابو حمید یکم جنوری سے کینسر کے اس شدید تر ہو چکے عارضے کی وجہ سے برزیلائی میڈیکل سنٹر میں رکھے گئے مگر اب انہیں بدترین حالت میں ہونے کے باوجود پھر جیل منتقل کیا گیا ہے۔ جہاں ان کی حالت تشویش ناک ہے۔
انہیں اسرائیلی جیل انتظامیہ نے جان بوجھ کر مناسب علاج معالجے کی سہولت سے محروم رکھا ہے۔ جبکہ ان کی رہائی سے بھی انکار کیا ہے۔ انہیں کیمو تھراپی کی سہولت ملنے بھی مشکل آتی رہی۔ وہ 2002 سے اسرائیلی قید میں ہیں۔