198 فلسطینی اور بین الاقوامی تنظیموں نے بین الاقوامی فوجداری عدالت (آئی سی سی) سے ان جنگی جرائم کی تحقیقات شروع کرنے کا مطالبہ کیا ہے جو اسرائیل کی طرف سے مقبوضہ علاقوں میں فلسطینی شہریوں کے خلاف کیے جا رہے ہیں۔
مطالبہ حال ہی میں فوجداری عدالت کے منصف کریم خان اور اسمبلی آف اسٹیٹ پارٹیز کی صدر سیلفیا فیرناندیز دی غورمندی کو بھیجے گئے خط میں سامنے آیا ہے۔
تنظیموں نے عدالت سے مطالبہ کیا کہ اسرائیل کی جانب سے متعدد فلسطینی سماجی تنظیمات کو دہشت گرد گروہ قرار دینے کی واضح مذمت کی جائے اور اس سے اس اقدام سے پیچھے ہٹنے کا مطالبہ کیا جائے۔
ان جنگی جرائم کو شاملِ تفتیش کرنے پر بھی زور دیا گیا ہے جو اگست 2022 میں غزہ کی پٹی پر اسرائیل کی بلاجواز فوجی جارحیت کے دوران سرزد ہوئے تھے۔
عدالت کو قانون کے تحت اپنے دائرہ اختیار کا استعمال کرنے اور مقبوضہ علاقوں میں اسرائیل کی نسل پرستانہ طرزِ عمل کو روکنے کے لیے مناسب اقدامات کرنے نیز اسرائیلی فورسز کو نہتے فلسطینی شہریوں کے خلاف مزید جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم کا ارتکاب کرنے سے روکنے کی استدعا بھی کی گئی ہے۔