وزیراعظم شہباز شریف نے مظلوم فلسطینی عوام کے لئے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔ انہوں نے آج (منگل) فلسطین کے عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے عالمی دن کے موقع پر اپنے ٹویٹس میں کہا کہ یہ دن فلسطینیوں کو در پیش بد ترین مشکلات کو اجاگر کرتا ہے جو وہ اسرائیل کے غیرقانونی قبضے میں برداشت کررہے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ اسرائیل کے ظالمانہ اقدامات کی موجودہ تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی اور اس پر سزائیں نہ ہونے سے ان کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ فلسطین کا تصفیہ طلب تنازع نہ صرف اخلاقی سوال پیدا کرتا ہے بلکہ عالمی امن پر بھی اس کے اثرات ہوئے ہیں۔ انہوں ے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق مسئلے کے دوریاستی حل کی حمایت کرتا ہے۔