اسرائیلی قابض فورسز نے ہفتے کی صبح غزہ سے متصل سمندر میں فلسطینی ماہی گیروں کو نشانہ بنایا۔ مقامی ذرائع کے مطابق قابض اسرائیلی بحریہ کی مسلح کشتیوں سے ماہی گیروں پر فائرنگ کی گئی۔
فائرنگ کے لیے مشین گنوں اور آبی توپوں کا بھی استعمال کیا گیا۔ نیز آنسو گیس کے کنستر بھی ماہی گیروں کی کشتیوں کی طرف پھینکے گئے۔
مقامی ذرائع کے مطابق اسرائیلی قابض فورسز نے فلسطینی ماہی گیروں کی کشتیاں ڈبونے کی بھی کوشش کی ۔ یہ واقعات خان یونس کے ساحلی علاقے اور رفح کی ساحلی پٹی کے قریب پیش آئے۔
تاہم کسی ماہی گیر کے زخمی یا گرفتار ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔ واضح رہے اسرائیلی مسلح کشتیاں غزہ کے گردو پیش میں تقریبا ہر روز ماہی گیروں کو نشانہ بناتی ہیں۔
اسرائیلی قابض فورسز ماہی گیروں کی گرفتاریوں کی کوشش کرتی ہیں نیز ان کی کشتیوں کو قبضے میں لینے اور نقصان پہنچانے کی کوشش کرتی ہیں۔ کئی واقعات میں ماہی گیروں کی ہلاکت اور زخمی ہونے کی اطلاعات بھی آتی ہیں۔
اسرائیل نے جب سے غزہ کا محاصرہ کر رکھا ہے اس نوعیت کی کارروائیاں قابض فورسز کا معمول بن چکی ہیں۔ ماہی گیروں کے علاوہ فلسطینی کسانوں اور مزدوروں کو بھی اسی طرح نشانہ بنایا جاتا ہے۔