تفصیلات کے مطابق فلسطین کے دارالحکومت مقبوضہ یروشلم میں اسرائیلی بلدیہ کے عملے نے پولیس کی موجودگی میں بدھ کی صبح شعفاط پناہ گزین کیمپ پر دھاوا بولا اور شہید فلسطینی نوجوان عدی التمیمی کے گھر کو گرانا شروع کر دیا۔
سماجی ذرائع ابلاغ پر گردش کرنے والی فوٹیج میں دکھایا گیا ہے کہ پولیس کی بھاری نفری کیمپ میں داخل ہوتی ہے اور مکان کی مسماری سے قبل ارد گرد کے علاقے کو گھیرے میں لے لیتی ہے۔
اسرائیلی ذرائع ابلاغ کے مطابق اس کاروائی میں 300 نیم فوجی اہلکاروں نے حصہ لیا ہے۔
شہید تمیمی کے والد نے ایک بیان میں بتایا کہ اسرائیلی بلدیہ کے عملے نے صبح سویرے سینکڑوں کی تعداد میں پولیس کی نگرانی میں عمارت کی چھٹی منزل پر واقع ان کے اپارٹمنٹ کو مسمار کرنا شروع کیا۔
19 اکتوبر 2022 کو، عدی التمیمی کو اسرائیلی فوجیوں نے مقبوضہ یروشلم کے قریب غیر قانونی بستی معالی ادومیم کے بیرونی دروازے پر اس وقت شہید کر دیا تھا جب انہوں نے اسرائیل گارڈز پر فائرنگ کی اپنی دوسری کاروائی کی۔
اس سے 11 دن قبل 8 اکتوبر کو مشرقی یروشلم میں شعفاط پناہ گزین کیمپ کے داخلی راستے پر ایک اسرائیلی چوکی پر اپنی پہلی فائرنگ کی کارروائی کے بعد سے تمیمی اسرائیلی فورسز کو شدید مطلوب تھے۔ اس واقعے میں ایک اسرائیلی خاتون فوجی ہلاک اور ایک زخمی ہو گئی تھی۔