فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے اور بیت المقدس میں منگل کے روز اسرائیلی فوج کی گھر گھر تلاشی کی کارروائیوں میں چار طالبات سمیت کم سے کم پندرہ فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا گیا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ حراست میں لیے گئے فلسطینیوں میں سات سیکیورٹی اداروں کو یہودی آباد کاروں اور فوجیوں پر حملوں میں مطلوب تھے۔
مقامی فلسطینی ذرائع کے مطابق صہیونی فوجیوں نے رام اللہ کے قریب دیر مشعل میں تلاشی کے دوران اسلامی تحریک مزاحمت ’’حماس‘‘ کے رہ نما سمیت چار فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا۔ تین فلسطینیوں کی گرفتاری الخلیل شہر سے عمل میں لائی گئی۔
ادھر بیت المقدس میں ابو دیس کے مقام سے اسرائیلی پولیس نے دو فلسطینی لڑکیوں کو حراست میں لیا۔ جب کہ دو فلسطینیوں کو غرب اردن کے شمالی شہر بیت لحم سے گرفتار کیا گیا۔
اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ تلاشی کی کاررائیوں میں انہوں نے الخلیل شہر سے کار گستاؤ نامی رائفلیں اور بھاری تعداد میں گولیاں برآمد کی ہیں۔
قدس پریس کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوجیوں نے بیت المقدس میں جامعہ القدس میں زیرتعلیم چار طالبات کو حراست میں لے لیا۔ ان کی شناخت نور احمد درویش، سلام ابو شرار، ھالہ البیطار اور مجد عطوان کے ناموں سے کی گئی ہے۔ ان کا تعلق بیت المقدس اور مغربی کنارے کے مختلف شہروں سے ہے۔