چهارشنبه 30/آوریل/2025

فلسطینی اتھارٹی کی قید میں موجود بچے کی فوری رہائی کا مطالبہ

جمعہ 6-مئی-2016

انسانی حقوق کی ایک بین الاقوامی تنظیم نے فلسطینی اتھارٹی کے زیرانتظام سیکیورٹی اداروں کے ہاتھوں کم عمر بچوں کی گرفتاریوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے دو ماہ سے حراست میں رکھے گئے 17 سالہ احمد طالب عبدالکریم طالب حج حمد المسکاوی کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق انسانی حقوق کی تنظیم ’’عرب آرگنائزیشن‘‘ نے لندن میں قائم اپنے ہیڈ کواٹر سے جاری کردہ ایک بیان میں فلسطینی اتھارٹی کے سیکیورٹی اداروں کی شہریوں کو حراست میں لینے، انہیں ہراساں کرنے اور سیاسی بنیادوں پر شہریوں کو انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنانے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ فلسطینی اتھارٹی نام نہاد الزامات کے تحت کم عمر افراد کو بھی سیاسی انتقام کی بھینٹ چڑھا رہی ہے۔ اس کی تازہ مثال احمد المسکاوی کی ہے جو مارچ سے فلسطینی اتھارٹی کی جیل میں بغیر کسی قصور کے پابند سلاسل ہے۔

عرب آرگنائزیشن کا کہنا ہے کہ احمد المسکاوی گیارہویں جماعت کا طالب ہے۔ اسے گرفتار کر کے جیل میں ڈالنا اور تشدد کا نشانہ بنایا بچوں کو ہراساں کرنے کے مترادف ہے۔

خیال رہے کہ فلسطینی اتھارٹی کی پولیس نے مارچ میں احمد المسکاوی کو حراست میں لیا تھا۔  المسکاوی کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ فلسطینی اتھارٹی کی جیل میں بند ان کے بیٹے کی طبی اور نفسیاتی حالت ابتر ہو چکی ہے مگر اس کے باوجود عباس ملیشیا اسے رہا کرنے میں پس وپیش سے کام لے رہی ہے۔

مختصر لنک:

کاپی