جمعه 15/نوامبر/2024

’اسرائیل کو غزہ کی سرحد پر’نوگو ایریاز‘ کے قیام کی اجازت نہیں دیں گے‘

پیر 9-مئی-2016

فلسطین کی ایک سرکردہ سیاسی جماعت عوامی محاذ برائے آزادی فلسطین نے باور کرایا ہے کہ ان کی جماعت اور پوری فلسطینی قوم اسرائیل کو غزہ کی سرحد پر نوگو ایریاز کے قیام کی سازشیں آگے بڑھانے اور انہیں کامیاب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق عوامی محاذ کے سیاسی شعبے کے سینیر رکن زیاد جرغون نے غزہ میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان خبروں کی سختی سے تردید کی جن میں کہا گیا ہے کہ سنہ 2014ء کے دوران مصر کی ثالثی کے تحت طے پائی جنگ بندی میں فلسطینیوں نے اسرائیل کو غزہ کی سرحد کے اندر 100 میٹر تک داخل ہونے اور سرچ آپریشن کرنے کی اجازت دی تھی۔

 عوامی محاذ کے رہ نما کا کہنا تھا کہ سنہ 2014ء کی جنگ بندی کی اسکیم میں ایسی کوئی تجویز نہ تو پیش کی گئی اور نہ اس پر کوئی مفاہمت کی گئی تھی۔ اس نوعیت کی تمام تر افواہیں بے بنیاد اور جھوٹ کا پلندہ ہیں جن میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ فلسطینی قوم اسرائیل کو غزہ میں مسلسل دراندازی اور غزہ اور سنہ 1948ء کے مقبوضہ فلسطینی علاقوں کے درمیان نوگو ایریاز کے قیام کی کسی صورت میں اجازت نہیں دیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں زیاد جرغون کا کہنا تھا کہ سنہ 2014ء میں مصری حکام کے ساتھ غزہ میں جنگ بندی کے حوالے سے ہونے والے مذاکرات میں اسلامی تحریک مزاحمت ’’حماس‘‘، تحریک فتح، اسلامی جہاد اور عوامی محاذ برائے آزدی فلسطین کے مندوبین موجود تھے مگر انہوں نے اس حوالے سے کوئی بھی تجویز قبول نہیں کی تھی۔ اس لیے ہم اسرائیلی ذرائع ابلاغ میں شائع ہونے والی ان تمام افواہوں کو بے بنیاد قرار دے کر انہیں یکسر مسترد کرتے ہیں۔

خیال رہے کہ حال ہی میں اسرائیلی ذرائع ابلاغ میں یہ خبریں شائع ہوئی تھیں کہ سنہ 2014ء کے دوران مصر کی ثالثی کے تحت فلسطینی مزاحمت کاروں اور اسرائیل کے درمیان طے پائے جنگ بندی معاہدے میں اسرائیل کو غزہ کی سرحد  پر100 میٹر کے علاقے میں آپریشن کرنے اور فلسطینیوں کو وہاں جانے سے روکنے کا اختیار دیا تھا۔

مختصر لنک:

کاپی