مصری حکومت نے فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی کی واحد بین الاقوامی گذرگاہ رفح مسلسل 85 دن تک بند رکھنے کے بعد کل بدھ اور پرسوں جمعرات کے ایام میں دو طرفہ آمد ورفت کے لیے کھولنے کا اعلان کیا ہے۔
فلسطینی وزارت داخلہ کے ترجمان ایاد البزم نے مرکزاطلاعات فلسطین سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ مصری بارڈر حکام نے مطلع کیا ہے کہ رفح گذرگاہ کو کل بدھ اور پرسوں جمعرات کے ایام میں دوطرفہ ٹریفک کے لیے کھلا رکھا جائے گا۔
خیال رہے کہ رواں سال میں اب تک صرف تین دن کے لیے رفح گذرگاہ کھولی گئی جب کہ 85 دن رفح گذرگاہ مسلسل بند رکھی گئی ہے۔ گذشتہ برس 2015ء کے دوران مجموعی طورپر 344 دن رفح گذرگاہ بند رکھی گئی۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ وزارت داخلہ کے ہاں بیرون ملک سفر کرنے کے خواہش 30 ہزار افراد نے اپنی رجسٹریشن کرائی ہے۔ ان میں بڑی تعداد میں طلباء، بیرون ملک ملازمت کرنے والے شہری اور مریض شامل ہیں۔