بیلجئیم کے وزیر خارجہ ‘دیدئیر رینڈیرز’ اسرائیل کے زیر کنٹرول کراسنگ بیت حانون سے گزرتے ہوئے غزہ کے دورے پر آئے ہیں۔ یہ دورہ ایسے موقع پر ہورہا ہے کہ اس سے ایک روز قبل ترک اور سوئس سفراء بھی اپنا دورہ غزہ مکمل کرکے گئے ہیں۔
اقوام متحدہ کی ذیلی تنظیم ‘انروا’ کے ایک مستند ذرائع کے مطابق بیلجئین وزیر کا یہ دورہ 2014ء میں ہونے والی اسرائیلی جارحیت کے بعد سے پیدا ہونے والے انسانی بحران کا جائزہ لینے کے لئے کیا جارہا ہے۔
ذرائع کے مطابق بیلجئین وزیر خارجہ غزہ میں تعمیر نو کے عمل کو درپیش مشکلات اور چیلنجز پر بات چیت کریں گے۔ اس کے علاوہ وہ اپنے دورے کے اختتام پر شجاعیہ کے علاقے میں پریس کانفرنس کریں گے جو کہ اسرائیلی جارحیت کے دوران مکمل طور پر تباہ ہوگیا تھا۔
اس سے قبل پیر کے روز بھی سوئس سفیر پال گارنئیر اور ترک سفیر مصطفیٰ سارنک بھی غزہ کے دورے پر آئے تھے۔ اس دورے سے متعلق زیادہ معلومات فراہم نہیں کی گئی تھیں۔