فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر قلقیلیہ میں قابض صہیونیوں کی جانب سے پھینکے گئے کوڑے کے ڈھیروں نے مقامی آبادی کو بدترین ماحولیات مسائل سے دوچار کیا ہے جس کے نتیجے میں نہ صرف انسانی زندگی متاثر ہو رہی ہے کوڑے کے ڈھیر زراعت اور آبی وسائل کے لیے سم قاتل ثابت ہو رہے ہیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین نے قلقیلیہ میں کوڑے کے بے ہنگم پھیلاؤ اور اس کے انسانی ، حیوانی اور نباتاتی زندگی پر ایک ویڈیو رپورٹ میں روشنی ڈالی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کوڑے کے ڈھیر مقامی فلسطینی آبادی کے لیے ماحولیاتی المیے کا موجب بن رہے ہیں کیونکہ کوڑے کے پھیلاؤ سے جلد، امراض، سانس کی تکالیف اور کینسر جیسے موذی امراض کے ساتھ ساتھ زرعی نباتا، فصلات، سبزیاں اور پھل متاثر ہو رہے ہیں۔ کوڑے کےڈھیروں کے نیچے موجود پانی کے وسائل میں بھی زہر شامل ہو رہا ہے جو بالواسطہ اور براہ راست انسانی اور حیوانی زندگی کے لیے زہر کا موجب بن رہے ہیں۔
قلقیلیہ گورنری کے میئر اور دیگر حکام نے فلسطینی حکومت کی توجہ اس اہم ماحولیاتی مسئلے کی جانب مبذول کرائی ہے اور فلسطینی حکومت سے کہا گیا ہے کہ وہ قلیلیہ کی آبادی کو کوڑے کے ڈھیروں اور اس کے منفی اثرات سے بچانے کے لیے موثر اقدامات کرے۔