فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس کے مشرقی قصبے العیساویہ میں فلسطینی شہریوں اور اسرائیلی پولیس کے درمیان ہونے والے تازہ تصادم میں کم سے کم دو پولیس اہلکار زخمی ہو گئے ہیں۔ ادھ مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل میں العروب پناہ گزین کیمپ میں رات بھر فلسطینی مظاہرین اور اسرائیلی فورسز کے درمیان جھڑپیں جاری رہیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق بیت المقدس سے مقامی ذرائع نے بتایا کہ العیساویہ قصبے اور اس کی مختلف کالونیوں میں اسرائیلی پولیس اور فلسطینیوں تصادم اس وقت ہوا جب قابض پولیس نے شہریوں کے گھروں پر اندھا دھند چھاپے مارنا شروع کیے۔ اس دوران فلسطینی نوجوان احتجاج کرتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئے اور انہوں نے قابض پولیس اہلکاروں پر سنگ باری کی، جس کے نتیجے میں کم سے کم دو پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔ اسرائیلی پولیس نے فلسطینی مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ان پر صوتی بم اور آنسوگیس کی شیلنگ کی۔ شیلنگ کے نتیجے میں متعدد فلسطینی بھی زخمی ہوئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق زخمی ہونے والے دونوں پولیس اہلکاروں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
ادھر مغربی کنارے کے الخلیل شہر میں العروب پناہ گزین کیمپ میں فلسطینی شہریوں اور اسرائیلی فورسز کے درمیان تصادم کی اطلاعات ہیں۔ عینی شاہدین نے مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگار کو بتایا کہ رات گئے العروب کیمپ میں کشیدگی اس وقت پیدا ہوئی جب اسرائیلی فوج نے وہاں تلاشی کا سلسلہ شروع کیا۔ مشتعل فلسطینی شہریوں نے اسرائیلی چیک پوسٹ پر سنگ باری کی اور پٹرول بم پھینکے۔ اسرائیلی فوجیوں نے مظاہرین پر ربڑ کی گولیاں چلائیں اور آتشیں اسلحے سے فائرنگ کی۔ اس کے علاوہ آنسوگیس کی شیلنگ بھی کی گئی جس کے نتیجے میں گھروں میں موجود شہری بھی دم گٹھنے سےمتاثر ہوئے۔