یورپی ملکوں میں مقیم فلسطینی تارکین وطن اپنے ملک سے دور ہونے کے باوجود قومی حقوق کے لیے خود کو منظم رکھتے ہیں۔ اس حوالے سے فلسطینی شہری مختلف نوعیت کی تقریبات کا بھی اہتمام کرتے ہیں۔حال ہی میں ہالینڈ میں مقیم فلسطینیوں نے ایک کانفرنس کا انعقاد کیا جس میں ہالینڈ کی سرزمین پر فلسطینیوں کے حقوق کا مقدمہ لڑنے اور مظلوم فلسطینیوں کی حمایت میں آواز اٹھانے کے کیے کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق ہالینڈ کےشہر روٹرڈم میں منعقدہ کانفرنس میں متعدد فلسطینی تنظیموں اور سرکردہ شخصیات نے حصہ لیا۔ اس حوالے سے ’’ہالینڈ میں فلسطینی کمیونٹی کانفرنس۔۔۔۔۔ درست سمت میں اہم قدم‘‘ کےعنوان سے تقریب منعقد کی گئی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے فلسطینیوں کے بنیادی حقوق اور ان کے صول کے لیے ہرمحاذ پر جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعلان کیا۔
کانفرنس میں ہالینڈ میں فلسطینیوں کی نمائندہ باڈی کا انتخاب بھی عمل میں لایا گیا۔ کانفرنس میں بڑی تعداد میں پہلے سے وہاں مقیم فلسطینیوں اور حالیہ عرصے کے دوران وہاں آنے والے پناہ گزینوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
کانفرنس سے الجزیرہ ٹی وی کےنامہ نگار اورصحافی جمال ریان نے بھی خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں جمال ریان نے کہا کہ ہالینڈ میں فلسطینی شہریوں کی اتنی بڑی تعداد اور ان کا قومی حقوق کے لیے یوں منظم ہونا ہم سب کے لیے باعث فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ الجزیرہ ٹی وی فلسطینیوں کے حقوق کے لیے آواز بلند کرنے کی کوششیں جاری رکھے گا۔