فلسطینی محکمہ ماحولیات نے الزام عاید کیا ہے کہ اسرائیلی حکومت اور اس کے تمام ریاستی ادارے ایک منظم حکمت عملی کے تحت فلسطین کا حیاتیاتی تنوع تباہ وبرباد کر رہے ہیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق فلسطینی سرکاری ماحولیاتی اتھارتی کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل نے ایک سازش کے تحت فلسطینی شہروں سے جنگلات کا صفایا شروع کر رکھا ہے۔ مقبوضہ فلسطین کے تمام علاقوں میں اسرائیلی سازشیں کار فرما ہیں اور فلسطینی حیاتیاتی تنوع برباد کر کے رکھ دیا گیا ہے۔
فلسطینی حیاتیاتی تنوع سے متعلق یہ بیان عالمی دن برائے’حیاتیاتی تنوع‘ کے موقع پر جاری کیا گیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج اور دوسرے ادارے فلسطینی شہروں اور دیہی علاقوں میں موجود جنگلات کو مسلسل کاٹ رہے ہیں، جس کے نتیجے میں جنگی حیات بھی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ جنگلات کی مسلسل کمی کے نتیجے میں فلسطین میں ماحولیاتی آلودگی کئی گنا بڑھ گئی۔ اس کے باوجود اسرائیلی حکومت طے شدہ منصوبے کےتحت فلسطینی حیاتیات کو تباہ و برباد کر رہا ہے۔
خیال رہے کہ اقوام متحدہ نے دسمبر 2000ء میں پہلی بار عالمی یوم حیاتیاتی تنوع منانے کا اعلان کیا تھا۔ بعد میں اس دن کے لیے 22 مئی کی تاریخ مقرر کی گئی تھی۔
فلسطینی ماحولیاتی اتھارٹی کا کہنا ہے کہ اسرائیلی ریاست نے ماحولیاتی تحفظ کے تمام عالمی معاہدوں کو دیوار پر دے مارا ہے۔ فلسطینی قوم کو ماحولیات کے حوالے سے جتنے بھی مسائل اور مصائب کا سامنا ہے اس کی بنیادی وجہ اسرائیلی حکومت کی ظالمانہ پالیسیاں ہیں۔