غزہ – مرکز اطلاعات فلسطین
قابض اسرائیل کی سفاک بمباری نے منگل کی صبح غزہ کی پولیس فورس کو ایک اور شدید صدمے سے دوچار کر دیا۔ وزارتِ داخلہ و قومی سلامتی نے تصدیق کی ہے کہ قابض دشمن فوج نے خانیونس شہر میں فضائی حملے کے دوران انسداد منشیات پولیس کے ڈائریکٹر اور پولیس کمانڈ کونسل کے رکن شہید میجر احمد عبد ابراہیم القدر کو شہید کردیا۔
وزارت نے اپنے بیان میں کہا کہ شہید احمد القدرہ نے اسرائیلی نسل کش جنگ کے دوران اپنے فرائض کی ادائیگی میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ وہ جنگ کے انتہائی خطرناک حالات میں بھی غزہ کے مظلوم عوام کی خدمت کرتے رہے۔
یہ بہیمانہ کارروائی قابض اسرائیل کے ان جاری جرائم کی کڑی ہے، جن کا ہدف غزہ کی سکیورٹی فورسز اور پولیس نظام کو کمزور کرنا ہے۔
وزارت داخلہ نے واضح کیا کہ قابض اسرائیل کی جانب سے بار بار سکیورٹی اداروں اور ان کے قائدین، افسران و جوانوں کو نشانہ بنانے کا مقصد غزہ میں سکیورٹی کو درہم برہم کرنا اور داخلی انتشار کو فروغ دینا ہے، لیکن یہ خواب کبھی پورا نہیں ہوگا۔
وزارت نے عزم ظاہر کیا کہ وہ تمام سکیورٹی اداروں کے ساتھ مل کر غزہ کے امن و امان کے دفاع میں سیسہ پلائی دیوار بنی رہے گی۔ وہ قابض اسرائیل کی تمام کوششوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرے گی، چاہے اس کے لیے اپنے بہترین افسران اور وسائل کی قربانی کیوں نہ دینی پڑے۔