سه شنبه 13/می/2025

حماس کا نفیر عام کا اعلان: مسجد اقصیٰ میں قربانی کی صہیونی سازش ناکام بنانے کی اپیل

منگل 13-مئی-2025

مقبوضہ بیت المقدس – مرکز اطلاعات فلسطین

اسلامی تحریک مزاحمت "حماس” نے مسجد اقصیٰ میں قابض صہیونیوں کی جانب سے جانوروں کی قربانی کی کوشش کو نہایت خطرناک اور اشتعال انگیز اقدام قرار دیتے ہوئے اسے مسلمان مقدسات کی صریح بے حرمتی اور پوری امت مسلمہ کے جذبات پر حملہ قرار دیا ہے۔

حماس نے اپنےپریس بیان میں فلسطینی عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ قبلۂ اول کو صہیونی ناپاک عزائم سے بچانے کے لیے فوراً اُٹھ کھڑے ہوں، سڑکوں پر نکلیں، مسجد اقصیٰ کا رخ کریں اور قابض اسرائیل کی جارحیت کا بھرپور جواب دیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ مسجد اقصیٰ میں باب الغوانمہ کے راستے سے قربانی کا جانور داخل کرنے کی صہیونی کوشش ایک سوچے سمجھے منصوبے کا حصہ ہے، جس کا مقصد قبلۂ اول کو مذہبی جنگ کا میدان بنانا اور اس کی اسلامی شناخت کو مٹا نا ہے۔

حماس نے کہا کہ اسرائیلی ریاست اپنے انتہاپسند آبادکاروں کو مقدس مقام کی پامالی کی کھلی اجازت دے کر بین الاقوامی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی کر رہی ہے، اور اس پر عالمی برادری کی خاموشی مجرمانہ ہے۔

حماس نے بیت المقدس کے بہادر شہریوں اور مسجد اقصیٰ کے غیرتمند محافظوں کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے کل صبح ایک خفیہ منصوبے کو بے نقاب کرتے ہوئے دنبے کو مسجد میں ذبح کرنے کی سازش ناکام بنا دی۔

یہ ناپاک کوشش ایک ایسے وقت میں کی گئی ہے جب صہیونی شدت پسند تنظیمیں جنہیں "ہیكل گروپس” کہا جاتا ہےمسجد اقصیٰ پر یلغار کے منصوبوں کو تیز کر چکی ہیں اور بنجمن نیتن یاھو اور ایتمار بن گویر جیسے انتہا پسند وزرا سے مطالبہ کر رہی ہیں کہ انہیں نہ صرف مسجد میں داخلے کی کھلی اجازت دی جائے بلکہ وہاں "طاليت”، "تفیلیین” اور تورات کے نسخے بھی لے جانے کی آزادی دی جائے۔

واضح رہے کہ مسجد اقصیٰ روزانہ کی بنیاد پر قابض اسرائیلی فوج اور صہیونی آبادکاروں کے مسلسل حملوں کی زد میں ہے، جنہیں ریاستی سرپرستی میں مقدس مقام کو پامال کرنے کی کھلی چھوٹ دی جا چکی ہے۔ ان حملوں کا مقصد مسجد کی زمانی اور مکانی تقسیم کی سازش کی کھلی اجازت دی گئی ہے۔

حماس نے امت مسلمہ، عرب دنیا اور بین الاقوامی اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر مداخلت کریں، مسجد اقصیٰ کی حرمت کا تحفظ یقینی بنائیں اور قابض اسرائیل کی جارحیت پر جوابدہی کا نظام نافذ کریں۔

مختصر لنک:

کاپی