غزہ – مرکز اطلاعات فلسطین
قابض اسرائیلی کے جاری وحشیانہ حملوں کے نتیجے میں غزہ کی سرزمین ایک بار پھر معصوم خون سے تر ہوگئی۔ وزارتِ صحت فلسطین نے اعلان کیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں 33 فلسطینی شہید اور 94 افراد شدید زخمی ہوئے۔
وزارت کے مطابق شہید ہونے والوں میں 29 فلسطینی وہ ہیں جنہیں گزشتہ روز نشانہ بنایا گیا، جبکہ مزید 4 شہداء کی لاشیں ملبے تلے سے نکالی گئیں۔ تمام زخمیوں اور شہداء کو غزہ کے ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے، جو پہلے ہی گنجائش سے کہیں زیادہ بھرے ہوئے ہیں۔
بیان میں بتایا گیا ہے کہ 18 مارچ 2025 سے اب تک جاری تازہ ترین اسرائیلی جارحیت میں شہداء کی تعداد 2,749 ہو چکی ہے، جبکہ 7,607 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔
وزارتِ صحت نے مزید تصدیق کی ہے کہ 7 اکتوبر 2023 سے شروع ہونے والے اس نسل کش حملے کے بعد سے اب تک قابض اسرائیل کے ہاتھوں شہید ہونے والوں کی مجموعی تعداد 52,862 تک جا پہنچی ہے، جبکہ زخمیوں کی تعداد 119,648 ہو چکی ہے۔
وزارت نے تشویش ظاہر کی ہے کہ تاحال متعدد افراد ملبے تلے دبے ہوئے ہیں اور سڑکوں پر لاشیں بکھری پڑی ہیں، جن تک ایمبولینس اور سول ڈیفنس کی ٹیمیں مسلسل اسرائیلی بمباری کے باعث رسائی حاصل نہیں کر پا رہیں۔
یہ صورتحال غزہ میں انسانی بحران کو نہایت سنگین مرحلے میں داخل کر چکی ہے، جہاں نہ صرف جانیں ضائع ہو رہی ہیں بلکہ امدادی کارروائیاں بھی رک چکی ہیں۔