فلسطین کے مختلف شہروں میں اسرائیلی فوج ، پولیس اور انٹیلی جنس اداروں کی کارروائیوں کے باوجود فلسطینی شہریوں کی انفرادی مزاحمتی کارروائیوں میں کمی کے بجائے اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ گذشتہ ایک ہفتے کے دوران غرب اردن اور بیت المقدس میں 85 مزاحمتی کارروائیاں کی گئیں۔
اسرائیل کے ’’وائس آف جیوش‘‘ ریڈیو کی رپورٹ کے مطابق فلسطینی حسب معمول اپنی مزاحمتی کارروائیوں میں سنگ باری اور پٹرول حملوں کو ایک اہم مزاحمتی ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ گذشتہ ایک ہفتے کے دوران چاقو سے حملوں سے بھی کارروائیاں کی گئیں۔ یہودی فوجیوں کی گاڑیوں پر سنگ باری کی گئی اور پٹرول بم بھی پھینکے گئے۔
رام اللہ کے قریب کفر عابود کے مقام پر ایک گاڑی کے ذریعے اسرائیلی فوجیوں کو کچلنے کی کوشش کی گئی۔ دو بار چاقو سے حملے کیے گئے جب کہ رام اللہ اور دوسرے شہروں میں پٹرول بم حملوں کے بھی کئی واقعات رونما ہوئے ہیں۔
خیال رہے کہ گذشتہ برس اکتوبر کے بعد سے فلسطین میں جاری تحریک انتفاضہ کے دوران فلسطینیوں کی انفرادی مزاحمتی کارروائیوں میں 30 اسرائیلی ہلاک جب کہ اسرائیلی دہشت گردی میں 218 فلسطینی جام شہادت نوش کر چکے ہیں۔