جنین ۔مرکز اطلاعات فلسطین
اسلامی جہاد تحریک نے "سرایا القدس” کی جنین بریگیڈ کے کمانڈر نور عبد الکریم البیطاوی کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ وہ جمعے کی شب نابلس شہر میں قابض اسرائیلی افواج کے ساتھ ایک مسلح جھڑپ کے دوران جامِ شہادت نوش کر گئے تھے۔ ان کے ہمراہ ایک اور مزاحمت کار بھی شہید ہوا، جب صہیونی فوج نے انہیں ایک گھر میں گھیر کر نشانہ بنایا۔
اسلامی جہاد نے ہفتے کو جاری اپنے بیان میں کہا کہ "ہم اپنے عظیم عوام کو جنین بریگیڈ کے دلیر کمانڈر نور عبد الکریم البیطاوی کی شہادت کی خبر دیتے ہوئے پوری قوم کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔ انہوں نے قابض اسرائیل کی افواج کے ساتھ نابلس میں ایک تاریخی اور بہادرانہ جھڑپ کے دوران اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا”۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ تحریک کو اپنے شہداء اور مجاہدین پر فخر ہے، جو امت مسلمہ کے مقدسات کی حفاظت کے لیے اپنی جانیں نچھاور کر رہے ہیں اور ان فلسطینی عوام کے استقامت کی ترجمانی کر رہے ہیں جنہیں روز اسرائیلی ظلم، جبری بے دخلی اور زمین پر قبضے کا سامنا ہے۔
اسلامی جہاد نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ تمام مزاحمتی قوتوں کے ساتھ مل کر قابض اسرائیل کے ظلم و ستم کا مقابلہ جاری رکھے گی۔ جب تک قابض ریاست کا غیرقانونی تسلط ختم نہیں ہوتا ہماری جدو جہد اس وقت تک جاری رہے گی۔
یاد رہےاسلامی تحریک مزاحمت "حماس” نے بھی جنین سے تعلق رکھنے والے مزاحمت کار نور البیطاوی اور نابلس کے مجاہد حکمت غیث عبد النبی کی شہادت پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ مغربی کنارے میں مزاحمتی جوانوں کا قتل فلسطینی نوجوانوں کے جذبہ آزادی کو دبانے کے بجائے مزید تقویت دے گا اور وہ قابض اسرائیل کے خلاف اپنی جدوجہد کو شدت سے جاری رکھیں گے۔
حماس نے مزید کہا کہ صہیونی ریاست کی طرف سے مزاحمت کاروں کے قتل اور فلسطینی عوام پر بڑھتے ہوئے مظالم دراصل مغربی کنارے میں موجود مزاحمتی تحریک کو کچلنے کی ناکام کوششیں ہیں۔ حالیہ دنوں میں جنین اور الخلیل جیسے علاقوں میں فلسطینی نوجوانوں کی جانب سے جو مزاحمتی کارروائیاں دیکھنے میں آئی ہیں، وہ اس بات کا ثبوت ہیں کہ تحریک آزادی زور پکڑ رہی ہے۔
بیان میں مغربی کنارے کے تمام فلسطینیوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ مزاحمت کاروں کا ساتھ دیں، ان کے محافظ بنیں اور نوجوانوں کو صہیونی قابض دشمن اور ان کے آبادکاروں کے خلاف مزید منظم اور مؤثر کارروائیاں کرنے کی ترغیب دیں۔
قابض اسرائیلی افواج نے جمعہ کی شام کو نابلس کے مشرقی علاقے "عين كاكوب” میں ایک گھر کو محاصرہ کر کے جنین بریگیڈ کے کمانڈر نور الدین البیطاوی اور مزاحمت کار حکمت غیث عبد النبی کو ایک خودکش ڈرون حملے کے ذریعے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں دونوں شہید ہو گئے۔
نابلس میں ہلال احمر کے ترجمان کے مطابق، قابض اسرائیلی فوج کے انخلاء کے بعد امدادی ٹیموں نے محاصرے میں لیے گئے گھر سے دونوں شہداء کی باقیات نکالیں، جب کہ اسرائیلی فوج نے ان کی لاشوں کو اپنے قبضے میں لینے کا دعویٰ بھی کیا ہے۔